جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ساگم علاقے سے آزاد امیدوار انیس الاسلام نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ان کا مقصد علاقے کی ترقی اور غریبوں کی مدد کرنا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'عسکریت پسندوں نے ہم پر حملہ کیا۔ اس کے باوجود لوگوں کی دعا سے میں ڈی ڈی سی انتخابات میں امیدوار کے طور پر اترا ہوں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'جن لوگوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہوگی، ان کی مدد کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہیں۔'
واضح رہے کہ ساگم علاقے سے آزادی امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے انیس الاسلام پر گزشتہ دنوں مشتبہ عسکریت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ زخمی ہوئے ہیں۔
جموں و کشمیر میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوتے ہی ضلع اننت ناگ اور ساگم بلاکوں کے لوگوں نے پولنگ مراکز کا رخ کرنا شروع کیا ۔
ڈی ڈی سی انتخابات کے ساتویں مرحلے کے تحت ضلع اننت ناگ کے ساگام اور اننت ناگ بلاکوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
ان دونوں بلاکوں میں کل 28 امیدوار میدان میں ہیں۔ جبکہ 77,892 ووٹران ان امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرینگے۔
اسکے علاؤہ 7 میونسپل وارڈوں میں بھی ضمنی انتخابات جاری ہیں۔ ووٹنگ عمل کےلئے سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
یہاں پر قائم 268 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ محض اپنے بنیادی مسائل کا حل تلاش کرنے کےلئے ان انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ امیدواروں کا بھی کہنا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرانے کےخواہاں ہیں۔