دراصل ٹی۔20 عالمی کپ 2021 کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس ٹیم میں ایک بھی ہندوستانی کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ ہندوستانی ٹیم کی ٹی۔20عالمی کپ میں خراب کارکردگی ہے۔
ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکی۔ ہندوستان کے سرخیوں میں رہنے والے بلے باز اور گیند باز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم لیگ میچوں میں ناکام رہے۔
ہندوستانی کرکٹروں نے افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نامیبیا کے خلاف آخری تین میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا لیکن یہ انہیں آئی سی سی کی ٹورنامنٹ کی ٹیم میں شامل ہونے میں مدد کرنے کے لیے کافی نہیں تھا جبکہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے نام اس میں شامل ہیں۔
پہلی بار چیمپئن بنے آسٹریلیا کی طرف سے سلامی بلے باز اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر، لیگ اسپنر ایڈم جمپا اور تیز گیندباز جوش ہزلووڈ کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔
وارنر نے 48.16 کے اوسط کے ساتھ ٹورنامنٹ میں کل ملاکر 289رن (دوسرا سب سے بڑا اسکور) بنائے۔ انہوں نے آسٹریلیا کو اپنا پہلا آئی سی سی مینز ٹی۔20عالمی کپ کا خطاب جیتانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وکٹ کیپر کے طورپر انگلینڈ کے جوس بٹلر، کپتان کے طور پر پاکستان کے بابر اعظم، نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے ٹرینٹ بولٹ اور سری لنکا کے اسٹار ونندو ہسرنگا ٹورنامنٹ میں اہم وکٹ لینے والے کھلاڑیوں کے زمرہ میں شامل ہوئے ہیں۔
انگلینڈ کے اسٹار کھلاڑی بٹلر پورے ٹورنامنٹ میں دھماکہ دار فارم میں تھے اور انہوں نے تقریباً 90 کے شاندار اوسط سے وارنر سے صرف 20رن کم بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ایڈین مارکرم اور سری لنکا کے چرت اسلنکا اور وانندو ہسرنگا کو اس میں منتخب کیا گیا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی تھیں مگر ان کے کھلاڑی کم از کم ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
ٹیم اس طرح ہے:
ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا)، جوس بٹلر (وکٹ کیپر، انگلینڈ)، بابراعظم (کپتان، پاکستان)، چرت اسلنکا (سری لنکا)، ایڈن مارکرم (جنوبی افریقہ)، معین علی (انگلینڈ)، ونندو ہسرنگا (سری لنکا)، ایڈم جمپا(آسٹریلیا)، جوش ہزلووڈ(آسٹریلیا)، ٹرینٹ بولٹ(نیوزی لینڈ)، اینرچ (جنوبی افریقہ) 12کھلاڑی شاہین آفریدی (پاکستان)۔
(یو این آئی)