آسٹریلیا کی اننگز کے 19 ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی تیسری گیند پر حسن علی کا میتھیو ویڈ کا کیچ چھوڑنا پاکستان کے لیے کتنا مہنگا ثابت ہوا اس کا اندازہ ویڈ نے اگلی گیندوں پر لگاتار چھکے لگاتے ہوئے پاکستان پر ظاہر کردیا۔
آسٹریلیا نے 19 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 177 رنز بنا کر فتح حاصل کی اور فائنل میں داخل ہوگیا۔ اب فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ 14 نومبر کو اپنے پڑوسی نیوزی لینڈ سے ہوگا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ایک اوور باقی رہتے ہوئے پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ا77 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پہلی وکٹ ایک رنز پر ہی گر گئی، کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے اچھی بیٹنگ شروع کر دی۔ تاہم آسٹریلیا کی دوسری وکٹ مچل مارش کی صورت میں 52 رنز پر گری جنہوں نے 22 گیندوں پر 28 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسمتھ 5 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر 77 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے اس کے بعد ڈیوڈ وارنر 49 رنز بنا کر 89 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو پانچویں کامیابی 7 رنز بنانے والے گلین میکس ویل کی صورت میں ملی اور انہیں بھی شاداب خان نے 96 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ کروایا۔ تاہم اس کے بعد مارکس اسٹوئنس اور میتھیو ویڈ نے پاکستانی بولرز کو خاطر میں لائے بغیر آسٹریلیا کو فتح دلوا کر فائنل میں پہنچا دیا۔ مارکس نے 31 گیند پر 40 رنز بنائے جبکہ میتھو ویڈ نے 17 گیند میں 41 رنز بنائے جس کی وجہ سے انھیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں
- ٹی 20 ورلڈ کپ کے چیمپئن کو تقریباً 12 کروڑ روپے ملیں گے
- ہم ٹی 20 عالمی کپ جیتنے کے مقصد سے آئے ہیں: آسٹریلیا
واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
پاکستان نے اپنے اوپنر محمد رضوان (67) اور فخر زماں (67) کی شاندار نصف سنچریوں کی مدد سے جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 176 رن کا چیلنجنگ اسکور بنالیا۔
رضوان اور کپتان بابر اعظم نے ابتدائی شراکت داری میں 10 اوورز میں 71 رنز جوڑے۔ اعظم 34 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنانے کے بعد لیگ اسپنر ایڈم جمپا کا شکار بنے۔
اس کے بعد رضوان نے دوسرے وکٹ کے لیے زماں کے ساتھ 72 رنز کی شراکت داری کی۔ رضوان نے 52 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور مچل اسٹارک کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ رضوان نے اپنی 11ویں ٹی 20 نصف سنچری بنائی۔
زماں نے آخری اوور میں اسٹارک کی گیندوں پر لگاتار دو چھکے لگا کر 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ آصف علی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک ایک رن بنانے کے بعد اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آصف کی وکٹ پیٹ کمنز نے حاصل کیا۔ زماں 32 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک نے 38 رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے جبکہ کمنز اورجمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔