لاڈرہل: ویسٹ انڈیز نے شیمرون ہیٹمائر (61) کی نصف سنچری اور شائی ہوپ کی 45 رنز کی اننگز کی بدولت ہفتہ کو چوتھے ٹی 20 میں ہندوستان کے سامنے 179 رنز کا ہدف رکھا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں اکشر پٹیل کی گیندوں پر 14 رنز جوڑے۔ پچ بلے بازی کے لیے سازگار تھی، حالانکہ ویسٹ انڈیز نے رنز بنانے کی جلدبازی میں وکٹیں گنوا دیں۔ ارشدیپ سنگھ نے پاور پلے میں کائل میئرز (7 گیندوں، 17 رنز) اور برینڈن کنگ (16 گیندوں، 18 رنز) کو آؤٹ کیا، جبکہ کلدیپ یادو نے پاور پلے کے فوراً بعد نکولس پورن (ایک) اور روومین پاول (ایک) کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔
یوزویندر چہل نے اپنے پہلے تین اووروں میں 32 رنز دیے لیکن چوتھے اوور میں شائی ہوپ کی وکٹ لے کر اس کی تلافی کی ۔ ہوپ نے 29 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ چہل نے ہیٹمائر کے ساتھ 49 رنز کی ان کی شراکت توڑ دی۔ پہلے تین اووروں میں 30 رنز دینے کے بعد اکشر نے بھی چوتھے اوور میں روماریو شیفرڈ کو آؤٹ کر کے اپنا اسپیل ختم کیا۔
مکیش کمار کی گیند پر جیسن ہولڈر کے آؤٹ ہونے سے ویسٹ انڈیز کی ساتویں وکٹ 123 کے اسکور پر گری، حالانکہ ہیٹمائر نے جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے 18ویں اوور کی آخری گیند پر دو رن لے کر 35 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ہیٹمائر آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگانے کے بعد دوسری گیند پر آؤٹ ہوئے، حالانکہ ان کی عمدہ اننگز نے کیریبین ٹیم کو آخری پانچ اوورز میں 57 رنز کا اضافہ کرنے میں مدد دی۔
ہیٹمائر نے 39 گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ اوڈین اسمتھ (12 گیندوں، 15 رنز) اور عقیل حسین (2 گیندوں، 5 رنز) نے آخری چار گیندوں میں 11 رنز جوڑ کر ویسٹ انڈیز کو 178/8 تک پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش نے تنزید اور شمیم کو ایشیا کپ کے لیے بلایا
ہندوستان کے سب سے زیادہ کفایتی گیند باز کلدیپ نے چار اووروں میں 26 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارشدیپ نے چار اوور میں 38 رن دے کر سب سے زیادہ تین وکٹیں اپنے نام کیں ۔ اکشر، چہل اور مکیش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یواین آئی۔