ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو ایک رن سے شکست دے دی۔ جمعرات (27 اکتوبر) کو پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا، لیکن وہ ہدف حاصل نہ کرسکا۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف چار وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔Pakistan stunned by Zimbabwe in Perth
پاکستان کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے۔ نواز نے بریڈ ایونز کی پہلی گیند پر تین رنز لیے۔ پھر اگلی گیند پر وسیم نے چوکا لگایا۔ اب پاکستان کو چار گیندوں پر چار بنانے تھے۔ پھر تیسری گیند پر وسیم نے ایک رن لیا، یعنی اب تین گیندوں میں تین رنز بننے تھے۔ نواز چوتھی گیند پر کوئی رن نہ لے سکے جس کی وجہ سے اب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز بنانے پڑے۔ نواز پر دباؤ بڑھ گیا تھا اور وہ پانچویں گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ آخری گیند پر تین رنز بنانے تھے لیکن پاکستانی ٹیم صرف ایک رن بنا سکی۔
ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے زمبابوے کی ٹیم نے کپتان کریگ ارون (19 رنز) اور ویسلے مدھویرے (17 رنز) کے ذریعے پہلی وکٹ کے لیے 42 رنز جوڑ کر عمدہ آغاز کیا۔ یہ شراکت رؤف کے ہاتھوں اس وقت ختم ہوئی جب ان کی تیز گیند پر ارون نے شارٹ فائن لیگ پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دو گیندوں بعد مدھویرے بھی پویلین پہنچ گئے جنہیں محمد وسیم نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ بعد میں ملٹن شمبا (08) بھی اپنی ٹیم کی مدد نہ کر سکے اور شاداب کے ہاتھوں کیچ اور بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد شان ولیمز (31 رنز) اور سکندر رضا (09) نے چوتھی وکٹ کے لیے 31 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن شاداب نے 14ویں اوور میں دوہرا جھٹکا دے کر مخالف ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ شاداب نے پہلے ولیمز اور پھر ریگیس چکابوا کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وسیم نے سکندر رضا اور لیوک جونگوے کو بھی چلتا کیا۔ بعد ازاں بریڈ ایونز اور ریان برل نے مفید شراکت کی جس کی وجہ سے زمبابوے کی ٹیم آٹھ وکٹوں پر 130 رنز بنا سکی۔ ایونز نے 15 گیندوں پر 19 رنز بنائے جبکہ ریان برل 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔