بھارتی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے پٹیالہ میں 10 سے 13 اپریل تک منعقد ہونے والی 24 ویں فیڈریشن کپ قومی سینئر ایتھلیٹکس چمپئن شپ کو کورونا وائرس کے خطرے کے سبب ملتوی کر دیا ہے۔
بھارتی ایتھلیٹکس فیڈریشن کی آرگنائزنگ کمیٹی نے پیر کو فیڈریشن کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ فیڈریشن کے صدر عادل سماروالا نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور دنیا میں موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے کسی مقابلہ کی میزبانی کرنا بہت مشکل ہے۔
سب کی صحت اور سلامتی پہلی ترجیح ہے۔ جب صورت حال سدھر جائے گی تو ہم مقابلوں کو دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ ہم نے انڈین گراں پری اور فیڈریشن کپ کی نئی تاریخوں پر کوئی بات نہیں کی ہے۔
فیڈریشن نے اس سے پہلے انڈین گراں پری سیریز کو ملتوی کر دیا تھا جس کا انعقاد تین مقام پٹیالہ (20 مارچ)، سنگرور (25 مارچ) اور دہلی (29 مارچ) کو ہونا تھا۔