پیرس: فرنچ اوپن French Open Title کے فائنل میں رافیل نڈال نے ناروے کے کیسپر رڈ کو اتوار کے روز یکطرفہ انداز میں 6-3، 6-3، 6-0 سے شکست دے کر 14 واں فرنچ اوپن کا خطاب جیت لیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے گرینڈ سلیم کی تعداد 22 پہنچا دی۔rafael nadal win french open for the 14th time
نڈال نے 2005، 2006، 2007، 2008، 2010، 2011، 2012، 2013، 2014، 2017، 2018، 2019، 2020، 2022 میں کل 14 بار فرنچ اوپن، 2009 اور2022 میں آسٹریلین اوپن، 2008 اور2010 میں ومبلڈن اور 2010، 2013، 2017، 2019 میں یوایس اوپن کے خطاب جیتے۔ وہ فرنچ اوپن کے فائنل میں جب بھی پہنچے، انہوں نے خطاب جیت کر ہی دم لیا۔ وہ آج تک کبھی فائنل میں نہیں ہارے۔ فلپ چیٹریئر کورٹ پر پانچویں سیڈ نڈال نے پہلے دو سیٹ آسانی سے 6-3، 6-3 سے جیتے اورتیسرے سیٹ میں انہوں نے آٹھویں سیڈ رڈ کو ایک بھی گیم جیتنے کا موقع دئے بغیر اسے 6-0 سے نمٹا دیا۔
ٹینس میں نڈال سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل صرف مارگریٹ کورٹ (24)، سرینا ولیمز (23) اور اسٹیفی گروف (22) کے پاس ہیں۔ رافیل نڈال نے 30 بڑے فائنل میں اپنی 22 ویں جیت درج کی۔ فیڈرر اور جوکووچ برابر 31 بارگرینڈ سلیم فائنل میں کھیلتے ہوئے 20-20 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ 2022 نڈال کے لیے سنہری سال رہا ہے۔ اس سال جنوری میں انہوں نے ڈینیل میدویدیف کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔
چیمپئن بننے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی: 36 سالہ رافیل نڈال فرنچ اوپن کاخطاب جیتنے والے سب سے عمردراز مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 50 سال قبل آندرے گیمینو نے 34 سال کی عمر میں یہ ٹائٹل اپنےنام کیاتھا۔ اب نڈال نے ان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ نڈال اس سے قبل سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن بھی جیتا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب انہوں نے سال کے پہلے دونوں گرینڈ سلیم کواپنے نام کیا۔ یہ رافیل نڈال کا 92 سنگلز ٹائٹل بھی ہے۔ اس معاملے میں ان سے تین کھلاڑی آگے ہیں۔
ٹکر بھی نہ دے پائے رُڈ: ناروے کے کیسپر رڈ رافیل نڈال کو ہی اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ انہوں نے نڈال کے ساتھ کافی ٹریننگ کی ہے۔ اس کے بعد بھی 23 سالہ رڈ انہیں ٹکرنہ دے سکے۔ نڈال نے مقابلے کودو گھنٹے 18 منٹ میں لگاتار سیٹوں میں اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں ایک موقع پر رڈ 3-1 سے آگے تھے لیکن لگاتار پانچ گیمز جیت کر نڈال نے سیٹ اپنے نام کر لیا۔ تیسرے سیٹ میں رڈ ایک گیم بھی نہ جیت سکے اوران کا چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
رافیل نڈال نے 2005 میں یہاں پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا۔ اس کے بعد سے وہ 13 بار فرنچ اوپن جیتنے والے چیمپئن بنے۔ فرنچ اوپن کلے کورٹ پر کھیلا جاتا ہے اور اسی وجہ سے نڈال کو 'کنگ آف کلے کورٹ' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ (یواین آئی)