حیدرآباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2023 کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ پی سی بی نے بابر اعظم کی کپتانی میں 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیاہے۔پی سی بی نے ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے بھی ایک ہی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کیا۔
پی سی بی نے ایشیا کپ کے ساتھ ساتھ افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے بھی ایک ہی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ اسی ٹیم کا مقابلہ 2 ستمبر کو ایشیا کپ میں بھارت سے ہوگا۔
دراصل ایشیا کپ کے تحت فائنل سمیت کل 13 میچز ہوں گے۔ اس بار ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کی بنیاد پر ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس میں سے 4 میچز پاکستان میں اور 9 میچز بشمول فائنل سری لنکا میں ہوں گے۔
ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد رضوان، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، محمد نواز، سعود شکیل، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔
بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ 30 اگست کو ملتان میں نیپال کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم 2 ستمبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کے نئے شیڈول کا اعلان، 9 میچز میں تبدیلی
اس بار پاکستانی ٹیم میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر جیسے فاسٹ بولرز ہیں۔ دوسری جانب بیٹنگ میں امام الحق، بابر اعظم، سلمان علی آغا، محمد رضوان اور محمد حارث کی موجودگی کافی متوازن نظر آتی ہے۔ سپن ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری شاداب خان کے کندھوں پر ہو گی۔