محض 20 برس کی عمر میں سنہ 1986 میں ٹریور بیربیک کو شکست دے کر کم عمر ترین ہیوی ویٹ چمپیئن بننے کا ریکارڈ قائم کرنے والے سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن مائیک ٹائسن نے 15 برس بعد رِنگ میں دوبارہ قدم رکھا اور رائے جونز سے دوستانہ ماحول میں مقابلہ برابری پر ختم کردیا۔
مائیک ٹائسن اپنے روایتی انداز میں رِنگ میں داخل ہوئے اور 15 برس بعد مقابلے کے لیے گھنٹی کی آواز کا انتظار کیا۔
دونوں سابق چمپیئن باکسرز نے 8 راؤنڈ میں دوستانہ انداز میں ایک دوسرے کو مکے لگائے اور محظوظ ہوتے رہے اور مقابلہ کے بعد ایک دوسرے کو داد بھی دی۔
واضح رہے کہ دونوں باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ نمائشی تھا جو کسی کی ہار جیت کے بغیر ختم ہوا تاہم ٹائسن کا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کیونکہ میں ناک آؤٹ نہیں ہوا۔
دونوں باکسرا دو دو منٹ پر مشتمل 8 راؤنڈز کے مقابلے کے بعد اسٹیپلز سینٹرز سے مسکراتے ہوئے باہر ہوئے اور تھکاؤٹ کا احساس بھی نہیں دلایا۔
مائیک ٹائسن کا کہنا تھا کہ چیمپیئن شپ کے لیے فائٹ کی بجائے یہ مقابلہ بہتر ہے اور اب ہم انسانی فلاح کے لیے کام کررہے ہیں ہم دنیا کے لیے کچھ اچھا کر سکتے ہیں۔
سابق چیمپیئن نے اس نمائشی مقابلہ کے ذریعہ مختلف خیراتی اداروں کے لیے فنڈز اکٹھا کئے اور انہوں نے دوبارہ اس طرح کے مقابلوں کا بھی اشارہ دیا۔
ڈیوڈ وارنر یک روزہ اور ٹی 20 سیریز سے باہر
مائیک ٹائسن کی رنگ میں واپسی کی خبر سے دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں میں اس مقابلے کے لیے دلچسپی بڑھ گئی تھی۔
انہوں نے مقابلہ میں جونز کو مکے مار کر دلچسپی ضرور پیدا کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقابلہ نے مجھے اپنے بارے میں جاننے میں مدد دی۔
یاد رہے مائیک ٹائسن نے رواں برس مئی میں اپنی ٹریننگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس پر ان کے مداحوں نے باکسنگ میں واپسی پر زور دیا تھا۔
ویڈیو میں مائیک ٹائسن کو ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور آئی بی ایف کے ٹائٹل کو اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اسی ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا 'میں واپس آگیا ہوں'۔
بعد ازاں مائیک ٹائسن کا کہنا تھا کہ وہ خیراتی اداروں کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے رِنگ میں واپسی کے خواہاں ہیں جس کے بعد 'آئرن مائیک' کے نام سے مشہور باکسر سے مقابلے کے لیے کئی نام سامنے آئے تھے۔
واضح رہے کہ ریکارڈ 7 بیلٹ حاصل کرنے والے 51 سالہ رائے جونز جونیئر نے آخری مرتبہ 2018 میں فائٹ کی تھی۔
علاوہ ازیں ٹائسن سے مقابلہ کے لیے رائے جونز جونیئر سے قبل اطلاعات کے مطابق پرانے حریف ایوینڈر ہولی فیلڈ اور نیوزی لینڈ رگبی ٹیم کے شہرہ آفاق کھلاڑی سونی بل ولیمز نے بھی مقابلہ کے لیے اپنا نام دیا تھا۔
آئرن مائیک نے اپنے شاندار کریئر میں 58 پروفیشنل مقابلوں میں 50 مرتبہ کامیابی حاصل کی اور 2005 میں کیون میک برائیڈ سے شکست کے بعد باکسنگ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔