بھارتی شٹلر کرشنا ناگر نے ایکس ۔ ایس ایچ 6 کیٹیگری میں سنسنی خیز مقابلے میں ہانگ کانگ کے چو مان کیئی کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
واضح رہے کہ کرشنا ناگر راجستھان کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پیرالمپکس میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ اس سے قبل اونی لیکھرا نے شوٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ کرشنا ناگر نے بیڈمنٹن ایس ایچ زمرے میں 21-17، 16-21 اور 17-21 سے میچ جیت کر میڈل کی فہرست میں مزید ایک میڈل کا اضافہ کیا۔
کرشنا ناگر نے ٹوکیو پیرالمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے کھلاڑی چو مان کیئی کو ہرا کر بیڈمنٹن میچ کا فائنل جیت لیا۔ پہلا سیٹ جیتنے کے بعد کرشنا ناگر دوسرے سیٹ میں ہار گئے لیکن تیسرے سیٹ میں واپسی کرتے ہوئے انہوں نے شروع سے ہی مخالف کھلاڑی پر برتری برقرار رکھی اور میڈل اپنے نام کیا۔
کرشنا کی اس کامیابی پر ان کے والد سنیل ناگر نے کہا کہ 'انہیں یقین تھا کہ کرشنا سونے کا تمغہ جیتے گا۔ کوچ یادویندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ یوم اساتذہ پر بطور کوچ انہیں اس سے بہتر کوئی تحفہ نہیں مل سکتا تھا۔'
بتا دیں کہ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کی جانب سے جے پور کے ایس ایم ایس اِنڈور اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین لگا کر براہ راست میچ دیکھنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔ جہاں کھلاڑی، ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور کرشنا ناگر کے رشتہ دار موجود تھے۔
فائنل جیتنے والے کرشنا ناگر کے شائقین اور جے پور ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سکریٹری منوج داسوت نے کہا کہ کرشنا کی جیت نوجوانوں کو متاثر کرے گی۔ کرشنا نے ایس ایم ایس میں کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ محنت کی جس کے نتیجے میں انہیں آج گولڈ میڈل ملا۔ جے پور پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 'دنیا کے نمبر دو پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر نے 21 برس کی عمر میں بیڈمنٹن کے پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں ملک کے لیے دو طلائی تمغے جیتے ہیں۔ اس کے بعد ٹوکیو پیرالمپکس کے لیے کوالیفائی کیا اور اب گیمز کے اسی سیزن میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
کرشنا ناگر کے طلائی تمغہ جیتنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، رکن پارلیمنٹ دیا کماری سمیت کئی رہنماؤں نے ٹویٹ کرکے مبارکباد دی ہے۔