بنگلور: بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ گراہم جان ریڈ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ اڈیشہ میں منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا Hockey World Cup 2023۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے آیوشمان پانڈے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ہاکی ورلڈ کپ 2023 میں بھارتی ہاکی ٹیم کی مضبوط دعویداری اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے سے متعلق کی جانے والی تیاریوں کے مختلف پہلؤں پر تفصیلی روشنی ڈالے۔ کوچ گراہم جان ریڈ نے کہا کہ ہمیں تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنا ہوگا، تب ہی ہم ہاکی ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ Exclusive with India Hockey Coach Reid
انہوں نے کہاکہ' ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنے تماشائیوں اور سپورٹرز کے سامنے ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات مضبوط ہیں۔ بھارتی ٹیم اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہم اس ورلڈ کپ میں مثبت انداز کے ساتھ داخل ہوں گے۔ ہمیں اٹیکنگ ہاکی کھیلنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے ہمیں ہمیشہ گول کرکے برتری حاصل کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
ای ٹی وی بھارت کو انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹیم ہر میچ کے بعد اگلے میچ کے لیے حکمت عملی بنائے گی۔ آپ ایک حکمت عملی پر پورا ورلڈ کپ نہیں کھیل سکتے۔ اگر آپ پہلے سے یہ کہنا شروع کر دیں کہ ہم ورلڈ کپ جیتنے والے ہیں تو بعض اوقات ٹیم حد سے زیادہ اعتماد کا شکار ہو جاتی ہے اور ہدف سے ہٹ جاتی ہے۔
کوچ گراہم جان ریڈ نے کہا کہ ہمارے پول میں تین میچز ہیں اور تینوں میچز اہم ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ تینوں میچ جیت کر اپنے پول میں پہلے نمبر پر رہتے ہیں تو بھی کسی چیز کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ کوچ گراہم جان ریڈ نے کہا کہ ہمیں تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنا ہوگا، تب ہی ہم ہاکی ورلڈ کپ 2023 جیتنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ جنوری 2023 میں اوڈیشہ میں مردوں کا ہاکی ورلڈ کپ ہونے والا ہے۔ یہ مردوں کے FIH ہاکی ورلڈ کپ کا 15 واں ایڈیشن ہے۔ یہ بھارت میں 13 سے 29 جنوری 2023 تک رورکیلا کے زیر تعمیر برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے ساتھ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ جس میں کل 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
مزید پڑھیں: