پریزیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ میں بھارتی مکے بازوں نے مجموعی طور پر نو تمغے جیتے ہیں، جس میں سات طلائی اور دو نقری تمغے شامل ہیں۔
دو ماہ قبل انڈیا اوپن میں طلائی تمغہ جیتنے والی عالمی چیمپیئن ایم سی میری کوم نے پریزیڈینٹ کپ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کی اپریل فرینک کو شکست دے کر طلائی تمغے اپنے نام کیا، میری کوم نے ٹورنامنٹ کے 51 کلو گرام زمرے میں آسٹریلیائی کھلاڑی کو 0-5 سے مات دی۔
بھارتی کھلاڑیوں کی کامیابی پر مرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو نے تمام کھلاڑیوں کوسوشل میڈیا کے ذریعے مبارکباد دی، انہوں نے لکھا کہ 'ڈیئر میری کوم، آپ بھارت کی شان ہیں، پریزیڈینٹ کپ انڈونیشیا میں طلائی تمغہ جیتنے پر بہت بہت مبارکباد۔'
اسی طرح 60 کلو گرام زمرے میں ایشیائی مکے بازی چیمپیئن کی سلور میڈل فاتح سمرن جیت نے ایشیائی کھیلوں میں کانسے کا تمغہ فاتح حسنا حسوتون کو 0-5 سے شکست دے کر طلائی تمغے پر قبضہ کیا۔
اس کے علاوہ 54 کلو گرام زمرے میں آسام کی جمنا بورا نے اٹلی کی گیولیا لامانگا کو 0-5 سے جبکہ 48 کلو گرام زمرے مونیکا نے انڈونیشیا کی انڈینگ کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔
جبکہ مردوں میں سنہ 2017 کے الابٹار کپ کے طلائی تمغہ فاتح انکش داہیا(64 کلو گرام)، نیرج سوامی(46 کلوگرام)، اور اننت پرلہاد (52 کلوگرام) نے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔