رورکیلا:برسا منڈا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے ورلڈ کپ کی اپنی سب سے بڑی جیت درج کی۔ بون نے 21ویں، 26ویں، 27ویں، 50ویں، 55ویں منٹ میں گول کرکے بیلجیئم کی زبردست فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ بیلجیئم کی جانب سے سیڈرک چارلی (17ویں) اور سیبسٹین ڈوکیر (51ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا جبکہ جاپان کی جانب سے واحد گول کینٹارو فوکوڈا نے 45ویں منٹ میں کیا۔
بیلجیئم پول بی میں تین میچوں میں دو جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ سرفہرست ہے اور جرمنی کو سرفہرست مقام کی دوڑ میں بیلجیئم کو پچھاڑنے کے لئے آج شام کے میچ میں کوریا کو کم از کم نو گول سے ہرانا ہوگا۔
دفاعی چیمپئن بیلجیئم نے پانچویں منٹ میں اپنا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کیا، حالانکہ انہیں اپنے پہلے گول کے لیے دوسرے کوارٹر تک انتظار کرنا پڑا۔ سیڈرک نے 17ویں منٹ میں پنالٹی کارنر سے گول کیا جبکہ بون نے ہاف ٹائم سے قبل ہیٹ ٹرک کرکے بیلجیئم کو 4-0 کی برتری دلا دی۔
ہاف ٹائم کے بعد تیسرے کوارٹر میں جاپان نے بہتر دفاعی انداز میں کھیلا، بیلجیئم کو ملےتین پنالٹی کارنر پر گول نہیں کرنے دیا۔ تاہم وہ خود بھی 44ویں منٹ میں ایک کارنر پر گول نہ کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں:India Beat SA جنوبی افریقہ کو شکست دے کر بھارت نے سمر سیریز جیتی
آخری کوارٹر کے آغاز میں کینٹارو نے گول کرنے پر جاپان کو خوش ہونے کا موقع فراہم کیا۔ تاہم یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 50ویں منٹ میں بون کے گول کے بعد 51ویں منٹ میں سیباسٹین نے بھی گول کر دیا۔ میچ بالآخر پنالٹی اسٹروک پر بون کے پانچویں گول کے ساتھ ختم ہوا۔ جاپان اب بھی ورلڈ کپ 2023 میں اپنی پہلی جیت کا انتظار کر رہا ہے، جس کے لیے وہ نویں سے 16ویں پوزیشن کے لئے ہونے والے مقابلوں کا رخ کرے گا۔