بھونیشور:کلنگا اسٹیڈیم، بھونیشور میں آج کھیلے گئے میچ میں قطر کی جانب سے مصطفیٰ طارق مشعل نے چوتھے منٹ میں، المعز علی نے 47ویں منٹ میں اور یوسف عبد الرزاق نے 86ویں منٹ میں گول کیے۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان نے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں کویت کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ سنیل چھتری کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے میچ کا آغاز اپنے انداز میں کیا لیکن قطر نے ابتدائی منٹوں میں ہی میچ کا پہلا گول کر دیا۔
قطر کے مصطفیٰ مشعل نے میچ کے چوتھے منٹ میں کارنر سے کی گئی کوشش کو گول میں بدل کر اپنا اور اپنی ٹیم کا کھاتہ کھول دیا۔دوسرے ہاف میں قطر نے ٹیم کا سکور اس وقت ڈبل کر دیا جب علی نے ایک لمبے پاس پر ٹچ کرتے ہوئے اسے گول پوسٹ کے اندر بھیج دیا۔ہندوستان کے لالیانزوالا چانگٹے نے میچ کے 60 ویں منٹ میں مہیش کو لمبا پاس دیا لیکن وہ قطر کے دفاع کو چکما دینے میں ناکام رہے۔
قطر نے 86ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے اپنی برتری میں اضافہ کیا۔ ہندوستانی کھلاڑی میچ کے اختتام تک گول کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن ٹیم کو کامیابی نہ ملی اور آخر میں قطر نے میچ 3-0 سے جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کا نیا ریکارڈ
ہندوستان کو گروپ اے میں ایشیائی چیمپئن قطر، کویت اور افغانستان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ چاروں ٹیمیں ہوم اینڈ اوے راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے سے کھیلیں گی۔ہندوستانی مردوں کی فٹ بال ٹیم مارچ میں افغانستان کے خلاف ہوم اور اوے میچوں کے ساتھ کوالیفائر کا دوبارہ آغاز کرے گی۔