ممبئی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پلان میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ فیفا نے ایک بیان میں بتایا کہ اگلے ورلڈ کپ میں 4-4 ٹیموں کے 12 گروپس ہوں گے، اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ میں 3-3 ٹیموں کے 16 گروپ بنانے کا منصوبہ طے پا یا تھا۔ فیفا نے ایک بیان میں کہا کہ نیا فارمیٹ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہر ٹیم کو ورلڈ کپ میں کم از کم تین میچ کھیلنے کا موقع ملے۔
بتادیں کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پہلی بار 48 ٹیمیں نظر آئیں گی۔ کھیلوں کی دنیا کے اس بڑے ٹورنامنٹ میں اب تک صرف 32 ٹیمیں حصہ لیتی تھیں، جنہیں 8 گروپس میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ ہر گروپ میں چار ٹیمیں ہوتی تھی اور گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچتی تھی۔
فیفا نے ابتدائی طور پر 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے 3-3 ٹیموں کے گروپ بنانے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں سے ہر گروپ سے دو ٹیموں کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنا تھا۔ روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں منگل کے روز ہونے والی میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ہر گروپ میں 4-4 ٹیمیں رکھی جائیں گی۔ ایسی صورتحال میں ٹاپ 2 ٹیموں کے ساتھ بہترین 8 تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں آخری 32 راؤنڈ میں پہنچ جائیں گی جہاں سے ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوگا۔
نئے فارمیٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں اب کل 104 میچ کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے 8-8 میچ ہوں گے۔ فیفا ورلڈ کپ میں اب تک 64 میچ کھیلے جاتے تھے۔ سنہ 1998 سے اس ٹورنامنٹ میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں۔ سنہ 1998 سے پہلے فیفا ورلڈ کپ میں 24 ٹیمیں حصہ لیتی تھیں۔
مزید پڑھیں: