رانچی: آسٹرو ٹرف اسٹیڈیم میں ڈاکٹر شاہنواز قریشی کی لکھی ہوئی کتاب 'ویمنز ہاکی ان جھارکھنڈ' کی رسم اجرا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ ہر کامیابی کے پیچھے ایک کہانی ہوتی ہے۔ اسے کتاب کی صورت میں لانا قابل تعریف ہے۔ کھلاڑیوں کے مسائل پر قابو پانے اور کامیاب ہونے کی کہانیاں بتانا ضروری ہے۔ مصنف کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کتاب کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں لانے کا مشورہ دیا تاکہ یہ سب کے لیے دستیاب ہو اور نوجوان نسل اس سے تحریک لے سکے۔ ہاکی انڈیا کے صدر پدم شری ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا کہ اس سے قبل جھارکھنڈ میں مردوں کی ہاکی کا غلبہ تھا لیکن خواتین ہاکی کھلاڑیوں نے کامیابی کی نئی کہانی لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں پر لکھی گئی کتاب ان کی مزید حوصلہ افزائی کرے گی۔ ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولناتھ سنگھ نے کہا کہ مصنف نے کھلاڑیوں کی جدوجہد اور کامیابیوں کو محفوظ کر کے قابل ستائش کام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اگر میں شامی پر کیس نہ کرتی تو وہ ایسا پرفارمنس نہیں دکھاتے: حسین جہاں
ڈاکٹر شاہنواز قریشی نے کہا کہ یہ جھارکھنڈ میں خواتین کی ہاکی کے لیے وقف کردہ پہلی کتاب ہے۔ یہ کھلاڑیوں کے محدود وسائل کے ساتھ آگے بڑھنے، مسائل پر قابو پانے اور کامیابیاں حاصل کرنے کے جذبے کی کہانی ہے۔ کتاب میں جھارکھنڈ کی خواتین ہاکی کے آغاز سے اب تک کے ترقی کے سفر، اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ماضی کے لیجنڈ کھلاڑیوں کی جدوجہد اور کامیابیوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کی تلاش، ان کی تربیت میں کوچز اور اسپورٹس ایڈمنسٹریٹرز کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔اس موقع پر ایشین ہاکی فیڈریشن کے غلام غوث سمیت ہاکی انڈیا کے کئی عہدیدار موجود تھے۔
یو این آئی