ایڈیلیڈ: بھارتی خاتون ہاکی ٹیم جمعرات کو آسٹریلیا اے کے خلاف دلچسپ مقابلے میں تین دو سے ہار گئی۔ میٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا اے نے ایلس آرنٹ (18ویں منٹ) کے ایک اور روبی ہیرس (20ویں، 35ویں منٹ) کے دو گول کی مدد سے 3-0 کی برتری حاصل کی۔ بھارت نے میچ کے آخری حصے میں سلیمہ ٹیٹے (40 ویں منٹ) اور سنگیتا کمار (54 ویں منٹ) کے گول کے ساتھ مضبوطی سے واپسی کی، لیکن بقیہ وقت میں تیسرا گول نہیں داغ سکا۔ میچ کا آغاز بھارت کے حق میں رہا اور مہمانوں کو 10ویں منٹ میں پنالٹی کارنر بھی ملا۔ آسٹریلیائی ٹیم نے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل دو پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن ہندوستانی ڈیفنس نے انہیں برتری حاصل نہیں کرنے دی۔
پہلا کوارٹر کے بغیر گول رہنے کے بعد، ہندوستانی خواتین نے دوسرے کوارٹر میں گیند پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن آسٹریلیا نے 18ویں منٹ میں آرناٹ کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔ دو منٹ بعد ہیرس نے آسانی سے گیند کو جال میں پہنچاکر آسٹریلیا اے کی برتری کو دگنا کردیا۔ دو گول سے پیچھے رہنے والی ہندوستانی خواتین نے میدان میں جارحانہ انداز اپنایا لیکن ہاف ٹائم تک وہ گیند کو جال میں نہیں پہنچا سکی۔ ہندوستان کی پریشانیوں میں اس وقت تین گنا اضافہ ہو گیا جب تیسرے کوارٹر کے پانچویں منٹ میں ہیرس نے ایک اور گول کر دیا۔ اس کے باوجود ہندوستان نے جارحیت سے کھیلنے کی پالیسی جاری رکھی اور سلیمہ نے گیند کو گول پوسٹ تک لے جا کر مہمان ٹیم کا کھاتہ کھول دیا۔ اس شاندار انداز نے چوتھے کوارٹر میں ہندوستان کو دو پنالٹی کارنر بھی دلائے، لیکن وہ اس بار بھی انہیں تبدیل نہیں کر سکی۔
یہ بھی پڑھیں: Australia vs India Hockey Match بھارت نے آسٹریلیا دورے کا آغاز شکست کے ساتھ کیا
سنگیتا نے میچ کے آخری منٹوں میں ہندوستان کا دوسرا گول کیا، لیکن پنالٹی کارنر کو تبدیل کرنے میں ناکامی مہمان ٹیم کے لئے مہنگی ثابت ہوئی اور آسٹریلیا اے نے میچ 3-2 سے جیت لیا۔ یہ ہندوستان کی آسٹریلیا کے دورے پر تیسری شکست ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی قومی ٹیم نے ہندوستانی خواتین کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے پہلا میچ 4-2 سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ 3-2 سے جیتا تھا۔ تیسرے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پیچھے سے واپسی کرتے ہوئے کنگاروؤں کو 1-1 کے ڈرا پر روک دیا تھا۔ آسٹریلیا کا یہ دورہ ہندوستان ستمبر میں چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ ہندوستانی ٹیم ہفتہ کو یہاں سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا اے سے دوبارہ مقابلہ کرے گی۔
یو این آئی