کولمبو: ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سپر فور مرحلے کا اتوار کو شیڈول میچ بھی بارش سے متاثر ہوسکتا ہے، جس سے شائقین کو ایک بار پھر مایوسی کا سامنا پڑسکتا ہے۔
واضح رہے کہ 2 ستمبر کو ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ بارش کے سبب بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا، ہندوستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 266 رنز بنائے تھے تاہم پاکستان کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا۔
10 ستمبر بروز اتوار کو میچ 2 بج کر 30 منٹ پر کولمبو میں شیڈول ہے تاہم اکیو ویدر نے ناموافق موسم کی پیش گئی کی ہے۔
اکیو ویدر کے مطابق دن کے اوقات میں سورج ہوگا، تاہم بعد میں موسم ابر آلود ہو جائے گا اور خاص طور پر شام میں بارش متوقع ہے۔مزید بتایا کہ دن کے دوران بارش کا 90 فیصد جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا 54 فیصد اندیشہ ہے۔
مزید بتایا کہ رات کے وقت میں درجہ حرارت میں 5 ڈگری تک کمی ہوگی کیونکہ آسمان پر بادل چھا جائیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوگی۔
ادارے نے رات میں بارش ہونے کا 96 فیصد اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا 58 فیصد اندیشہ ظاہر کیا۔
ایک اور موسمیاتی ایجنسی ورلڈ ویدر آن لائن نے پیش گوئی کی کہ دن میں کولمبو کے پریماداسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے، جہاں ہائی وولٹیج مقابلہ ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہالینڈ نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹیم کا اعلان کیا
ایجنسی نے بتایا کہ میچ کے دن صبح سویرے درمیانے درجے کی بارش ہوگی اور میچ شروع ہونے سے عین قبل مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے 0.3 ملی میٹر بارش ہونے کا 82 فیصد امکان ہے۔
اس نے مزید بتایا کہ دن بھر میں درمیانے درجے کی بارش کے تین سے زیادہ اسپیل آسکتے ہیں۔
ویدر ڈاٹ کام کے مطابق دن میں بارش ہونے کے 93 فیصد اور رات میں 97 فیصد امکان ہے، مزید بتایا کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ درجہ حرارت 25 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
یو این آئی۔