اس مقابلے سے قبل جمعہ کی صبح ٹیم کی نوجوان فارورڈ لالریمسیامی کو ان کے والد کے انتقال کی خبر ملی اور پوری ٹیم نے انہیں تسلی دی۔
کپتان رانی رامپال نے کہا کہ پوری ٹیم اس غم کی گھڑی میں لالریمسیامی کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ کو جیت کر ان کے والد کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔
ایف آئی ایچ خاتون سیریز فائنلس کے فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کو اس سال کے آخر میں ہونے والے اولمپکس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا ٹکٹ ملے گا۔
عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر کی ٹیم بھارت نے ٹورنامنٹ کے گروپ میچوں میں یوروگوئے کو 1-4 سے، پولینڈ کو 0-5 سے اور فجی کو 0-11 سے شکست دی تھی۔
سیمی فائنل میں بھارت کی حریف چلی عالمی رینکنگ میں 16 ویں نمبر کی ٹیم ہے اور بھارت کو اسے شکست دینے میں زیادہ پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
چلی نے گروپ میچوں میں میکسیکو کو 0-7 سے اور ایشیائی کھیلوں کی طلائی تمغہ فاتح جاپان کو 1-3 سے شکست دی تھی لیکن آخری گروپ میچ میں اسے روس کے ہاتھوں 2-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اعداد و شمار میں دیکھا جائے تو بھارتی ٹیم نے اب تک تین میچوں میں 19 گول کئے ہیں اور صرف ایک گول کھایا ہے جبکہ چلی نے چار میچوں میں 17 گول کئے ہیں اور چھ گول کھائے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک چار مقابلے ہوئے ہیں جن میں بھارت نے تین جیتے ہیں اور ایک ڈرا رہا ہے۔
بھارت کی چلی پر آخری فتح جولائی 2017 میں ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں 1-0 سے رہی تھی۔