بھونیشور کے كالنگا اسٹیڈیم میں اولمپک کوالیفائنگ مقابلہ کھیلا جائے گا، روسی ٹیم کے کپتان نے بھارت پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا، ٹیم اس سے قبل جون میں ایف آئی ایچ سیریز فائنلز کے لیے بھارت دورے پر آئی تھی۔
روسی کپتان نے کہا کہ دوبارہ بھارت آنا کافی دلچسپ ہے، ہمیں گزشتہ دورے میں کافی مزہ آیا تھا اور یہاں کے پرستار بھی کافی پرجوش ہیں، اگرچہ جون میں موسم کافی گرم تھا لیکن امید کرتے ہیں کہ یہاں موسم اس بار اچھا ہوگا اور ہم یہاں حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیں گے۔
آخری بار جب بھارت اور روس کی ایف آئی ایچ ٹیموں کا سیریز فائنلز پر ایک دوسرے سے سامنا ہوا تھا تب میزبان بھارتی ٹیم سے اسے 0-10 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اگرچہ روسی ٹیم کو اس بار یقین ہے کہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
روسی کپتان نے کہا کہ بھارت بہت اچھی ٹیم ہے اور ہم سے درجہ بندی میں بھی کافی اوپر ہے لیکن ہم ان کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ہم نے اولمپکس كوالیفکیشن کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنی تیاریاں کی ہیں۔
روسی ٹیم كالنگا اسٹیڈیم میں 1 اور 2 نومبر کو دنیا کی پانچویں نمبر کی ٹیم بھارت سے مقابلے میں اترے گی جبکہ اسی تاریخ کو بھارتی خاتون ٹیم بھی امریکہ کے خلاف کوالیفائر مقابلہ كھیلے گی۔
امریکہ کی خاتون ہاکی ٹیم 25 اکتوبر کو بھارت پہنچ گئی تھی، یہ مقابلہ بھی بھونیشور کے كالنگا اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
امریکی ٹیم کی کپتان نے کہا کہ بھارت میں کھیلنا دلچسپ ہے، اس ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی کے پاس بھارتی سرزمین پر کھیلنے کا تجربہ نہیں ہے۔
بھارتی ٹیم کا آخری بار امریکہ سے مقابلہ سنہ 2018 کے خواتین ورلڈ کپ میں ہوا تھا جو 1-1 سے ڈرا ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ اولمپکس كواليفائرس میں دو میچ ہوں گے جس میں پوائنٹس کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم آئندہ برس ٹوکیو اولمپکس میں داخلہ حاصل کرے گی۔
میچ جیتنے والی ٹیم کو تین پوائنٹس اور ڈرا ہونے کی صورت میں ایک پوائنٹس ملے گا اور اگر پوائنٹس برابر رہتے ہیں تو پھر گول اوسط دیکھا جائے گا اور اگر گول بھی برابر رہتے ہیں تو پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا۔