بھارت 2021 میں ایف آئی ایچ جونیئر مرد ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا اور اس کے مقامات اور تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پیر کو یہ اعلان کیا۔ ایف آئی ایچ نے بتایا کہ یہ جونیئر ٹورنامنٹ سال 2021 کے آخر میں منعقد کیا جائے گا اور اس میں انڈر 21 سطح کے باصلاحیت کھلاڑی حصہ لیں گے۔
بھارت نے 2018 میں اڑیسہ کے بھونیشور واقع كلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں سینئر مرد ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔
بھارت اس سے پہلے 2016 میں اتر پردیش کے لکھنؤ میں جونیئر مرد ورلڈ کپ کی میزبانی کر چکا ہے جہاں وہ چمپئن رہا تھا۔
جونیئر ورلڈ کپ میں کل 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جس میں چھ یورپ سے، ایشیا سے بھارت سمیت چار ٹیمیں، افریقہ سے دو، اوشیانا سے دو اور پین امریکہ سے دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ان 16 ٹیموں میں چھ یوروپین ٹیمیں جرمنی، انگلینڈ، ہالینڈ، اسپین، بیلجیم اور فرانس ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
جبکہ جنوبی افریقہ کو جونئیر خواتین ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی ملی ہے۔