آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو انڈر-17 کی خواتین ٹیم کی ٹریننگ شروع کرنے کے لئے وزارت کھیل کی ہدایات کا انتظار ہے۔
اے آئی ایف ایف کی خواتین کمیٹی کی سارہ پائلٹ کی صدارت میں جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ ہوئی جس میں انڈر-17 خواتین ورلڈ کپ کے لئے نئی ونڈو پر غور کیا گیا۔
فیفا انڈر-17 خواتین ورلڈ کپ کا انعقاد 2021 میں 17 فروری سے سات مارچ تک کیا جائے گا۔
اے آئی ایف ایف کے سیکرٹری جنرل کشل داس نے بتایا کہ 'اس ونڈو کو فیفا نے منتخب کیا ہے اور ٹورنامنٹ کو تین ماہ آگے بڑھائے جانے کے باوجود عمر زمرہ پہلے والا ہی رکھا گیا ہے۔'
قومی ٹیموں کے ڈائریکٹر ابھیشیک یادو نے کمیٹی کو بتایا کہ 'کھلاڑی جسمانی طور پر ٹریننگ نہیں کر رہی ہیں لیکن تکنیکی عملہ ان کے لئے آن لائن فٹنس سیشن منعقد کر رہا ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو ذاتی پروگرام دیے گئے ہیں اور ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔'
ابھیشیک نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی گوا میں ٹریننگ شروع کرنے اور ان کے کیمپ کے لئے جمع ہونے پر وزارت کھیل کی ہدایات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔