ریاست بہار کے شہر گیا کے گاندھی میدان میں واقع ہری ہر سبرامنیم اسٹیڈیم میں گیا ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔ کرونا وبا کے پھیلنے کے بعد سال 2021_ 2020 کا انعقاد نہیں ہوپا تھا تاہم اب اس ٹورنامنٹ کو شروع کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ تقریباً 45 دنوں تک چلے گا جس کا باضابطہ افتتاح ایم پی وجے کمار مانجھی اور مشہور سرجن ڈاکٹر فراست حسین نے کیا۔
اس موقع پر ایم پی وجے مانجھی نے کہا کہ فٹ بال ایک ایسا کھیل ہے جو جسم کے تمام اعضا کو تندرستی اور قوت بخشتا ہے۔ ایک وقت ایسا تھا کہ جب فٹبال گیا میں کافی مقبول تھا اور یہاں سے بڑے بڑے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے جنہوں نے ریاستی سطح پر کھیل کر اپنے ضلع کا نام روشن کیا حالانکہ موجودہ وقت میں ریاست بہار کے کئی اضلاع میں فٹبال کی طرف رجحان کم ہوا لیکن اس کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے فٹبال کے چاہنے والوں کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا اور ان کی دلجوئی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام آرگنائز کرنے میں ان کا ہر طرح کا تعاون ہوگا کیونکہ ان کی حکومت بھی کھیل کو بڑھاوا دے رہی ہے اور کئی منصوبے اس کو لے کر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شروع کیے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے متعلق اولمپکس سَنگھ کے ضلع سکریٹری و ٹورنامنٹ آرگنائزر خطیب احمد نے بتایا ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ میں کل اٹھارہ ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے ختم ہونے کے بعد دوسرے سیشن کے ٹورنامنٹ کی تیاری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ ایک ایسا کھیل ہے جس سے بہترین کھلاڑیوں کو نکال کر ریاستی سطح پر سلیکشن ہوتا ہے اور کئی کھلاڑیوں نے یہاں اچھا کھیل کر ملکی سطح پر اپنا اور ریاست کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ گیا کے لئے کافی مقبول ثابت ہوا ہے۔