ہیرو انڈین سُوپر فٹبال لیگ میں آخری دور کے میچز جاری ہیں۔ جہاں پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے ٹیمیں ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں۔ پلے آف میں ایسے ہی اپنی دعویداری کو مضبوط بنانے کے لیے گوا کے مارگوا میں کھیلے گئے ایک فٹبال میچ میں گوا نے بنگلورو کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے دی۔ پہلے ہاف میں کئے گئے دو گولوں کی بدولت گوا ایف سی نے اتوار کے روز مارگوا کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیرو انڈین سُوپر لیگ (آئی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کے مقابلے میں دفاعی چیمپین بنگلور ایف سی کو 1۔2 سے ہراکر پوائنٹ ٹیبل میں تیسرا مقام حاصل کرلیا۔
سنسنی خیز میچ میں گوا کی جانب سے ایگور انگولو نے 20 ویں جب کہ ریڈیم تلانگ نے 23 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو جیت کی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔ بعد ازاں بنگلورو کے لئے سریش سنگھ نے اپنی ٹیم کی جانب سے واحد گول 33 ویں منٹ میں کیا، لیکن اس کے علاوہ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کو برابری پر نہیں لاسکا۔ یہ گوا کی 19 میچوں میں ساتویں جیت ہے اور اب 30 پوائنٹس کے ساتھ وہ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی گوا نے پلے آف کے لئے اپنی پوزیشن کو اور بھی مضبوط کرلیا ہے۔
دوسری جانب بنگلورو کو 19 میچوں میں ساتویں مرتبہ شکست ہوئی ہے اور وہ 22 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر کھسک گئی ہے۔ اس شکست کے بعد بنگلور کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں تین گول داغے گئے۔ گوا نے 20 ویں اور 23 ویں منٹ میں مسلسل دو گول کے ساتھ دو۔صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔ جب کہ بنگلورو کلب نے 33 ویں منٹ میں واپسی کی کوشش کرتے ہوئے پہلے ہاف میں ہی گول کردیا۔ تایم بعد ازاں دوسرے ہاف میں کوئی بھی گول نہیں ہوا اور گوا نے 1۔2 کے فرق سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس بات کو یقینی سمجھا جارہا ہے کہ وہ پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے دوسری ٹیموں کے مقابلے میں کافی اہل ہے۔