19 سالہ فٹ بالر امریکی فوجی طیارے سے گرنے کے بعد پیر کو فوت ہوگیا، جس کا اعلان افغان قومی فٹ بال ٹیم نے اپنے فیس بک پیج پر 18 اگست کو کیا تھا۔ فرانسیسی ذرائع کے مطابق افغانستان میں فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے اس خبر کی تصدیق کی۔
ذکی انواری کو 16 سال کی عمر میں قومی یوتھ ٹیم میں بلایا گیا تھا۔ نوجوان فٹبالر کو ان کی موت کی خبر کے بعد سے سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
گزشتہ پیر کے روز انٹرنیٹ پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ کابل ایئرپورٹ سے اڑنے کے فورا بعد امریکی فضائیہ کے سی 17 طیارہ سے تین افغانی گر گئے کیونکہ وہ اپنے ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں ہوائی جہاز کے نیچلے حصے میں لپٹ گئے تھے۔
افغانستان پر طالبان کے مکمل کنٹرول کے بعد جہاز کے ذریعے متعدد افراد نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔ اس کوشش کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز منظر عام پر آئیں جن میں لوگوں کو امریکی فضائیہ کے سی 17 طیارے میں زبردستی سوار ہونے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
- Islamic Emirate in Afghanistan: طالبان نے افغانستان اسلامی امارات کے قیام کا اعلان کیا
- Five promises the Taliban have made: طالبان کے پانچ وعدے
- Afghanistan:کابل چھوڑنے کے بعد اشرف غنی کا پہلا ویڈیو، کہا افغانستان واپس آؤنگا
پرواز کے لیے چلتے ہوئے طیارے پر لوگوں نے چڑھنے کی کوشش کی اور کامیاب بھی رہے، تاہم اس کے بعد ملنے والی اطلاعات کے مطابق ان میں سے تین افراد طیارے سے گر پڑے اور ہلاک ہوئے۔
اسی طرح حالیہ اطلاعات کے مطابق طیارے کے لینڈ کرجانے کے بعد جب اس کی جانچ کی گئی تو اس کے پہیے سے بھی انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔
واضح رہے کہ پیر اور منگل کو کابل ایئر پورٹ پر کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے کیونکہ ہزاروں افراد نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں پروازیں پکڑنے کی کوشش کی۔