حیدرآباد: ویراٹ کوہلی موجودہ ورلڈ کپ میں زبردست فارم میں ہیں۔ انھوں نے اس ورلڈ کپ میں اب تک 4 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں اور ورلڈ کپ کے موجودہ ایڈیشن میں وہ 543 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈی کاک موجودہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ابھی تک سرفہرست ہیں۔
ویراٹ کوہلی نے اتوار کو عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر کے 49 ون ڈے سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کی جس کے بعد آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے پیش گوئی کی ہے کہ ویراٹ اس ورلڈ کپ میں کئی نئے ریکارڈ بنائیں گے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے ویراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں دنیا کا بہترین بلے باز قرار دیا۔ پونٹنگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ پر کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ بہترین بلے باز ہیں اور میں یہ بات کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں، اگر آپ ان کے اب تک کے بیٹنگ ریکارڈ کو دیکھیں تو یہ ناقابل یقین ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی کی سنچری موجودہ ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری اور ونڈے ورلڈ کپ میں ان کی چوتھی سنچری تھی۔ پونٹنگ نے اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کیا کہ کوہلی نے تنڈولکر سے 175 اننگز کم کھیل کر اپنی 49ویں ون ڈے سنچری کا کارنامہ حاصل کیا جو کی ناقابل یقین ہے۔ پونٹنگ نے ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں میں کوہلی کے زیادہ خطرناک ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب زیادہ آزادی کے ساتھ کھیل سکتے ہیں کیونکہ وہ اب تندولکر سے آگے نکل چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- روہت شرما ایک مثالی کپتان ہیں، بھارت کو شکست دینا اب مشکل ہوگا: رکی پونٹنگ
- پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ روہت شرما ورلڈ کپ تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز بن گئے
پونٹنگ کا خیال تھا کہ کوہلی 49ویں سنچری اور سچن کے ریکارڈ کی برابری کے لیے زیادہ محنت کر رہے تھے جو اب مکمل ہوچکا ہے اور یہ ان کے لیے ٹورنامنٹ میں واقعی ایک اچھے وقت پر ہوا ہے۔ لیگ کا بھی ایک اور میچ باقی ہے اور پھر وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ یہ ویراٹ کے لیے اور بھارت کے لیے بہت اچھا دن تھا۔
پونٹنگ بھی بھارت کی گیند بازی سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی باؤلنگ اٹیک موجودہ ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں سے بہترین ہے۔ بھارت کے پاس اب ٹورنامنٹ میں ٹاپ 10 وکٹ لینے والے تین کھلاڑی محمد شامی (16)، جسپریت بمراہ (15) اور رویندرا جڈیجہ (14) ہیں۔ پونٹنگ نے یہ بھی کہا کہ مخالف ٹیموں کو بمراہ، سراج اور شامی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہت تجزیہ کرنا پڑے گا اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ان کے اسپنرز آکر آپ کو میچ سے بہت دور لے کر چلے جائیں گے۔