ممبئی: کرن ناوگیرے (52) اور گریس ہیرس (ناٹ آؤٹ 59) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت یوپی واریئرز نے اتوار کو ویمنز پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز میچ میں گجرات جائنٹس کو تین وکٹوں سے شکست دی۔ گجرات نے واریئرز کے سامنے 170 رنز کا ہدف رکھا جسے واریئرز نے 19.5 اوور میں حاصل کر لیا۔ ناوگیرے نے 43 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے، حالانکہ ان کے آؤٹ ہونے کے وقت واریئرز ہدف سے کافی دور تھا۔ واریئرز نے جب 18 گیندوں پر 53 رن درکار تھے، تب ہیرس نے بظاہر ناممکن ہدف کو مضحکہ خیز بناتے ہوئے تابڑ توڑ بلے بازی کی۔
گریس ہیرس نے 26 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور چھکا لگا کر واریئرز کو ایک گیند باقی رہتے ہدف تک پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی وارئیرس نے دو پوائنٹس حاصل کیے جبکہ گجرات دو میچوں میں دو شکستوں کے بعد اپنا کھاتہ نہیں کھول سکی۔ اس سے قبل گجرات جائنٹس نے ہرلین دیول کے 46 رن کی اننگز کی بدولت ویمنز پریمیئر لیگ میں یوپی واریئرز کے سامنے 170 رنوں کا ہدف رکھا۔ واریئرس نے اپنا پہلا لیگ میچ کھیلتے ہوئے کبھی بھی گجرات کے بلے بازوں کو غلبہ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ گجرات کے لیے ہرلین نے 32 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 46 رن بنائے۔ اس کے علاوہ ایشلے گارڈنر نے 25، سبینینی میگھنا نے 24 اور دیالن ہیملتا نے 21 رن کا تعاون دیا۔
یہ بھی پڑھیں: WPL 2023 پہلے ہی میچ میں ممبئی انڈینز نے گجرات جائنٹس کو 143 سے شکست دے دی
ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات نے پچھلے میچ کی غلطیوں کو بھولا کر ایک تیز شروعات کی، حالانکہ واریئرز کو اپنی پہلی کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ نائب کپتان دیپتی شرما نے چوتھے اوور میں صوفیہ ڈنکلے (11 گیندوں، دو چوکوں، 13 رن) کو آؤٹ کیا۔ میگھنا (15 گیندیں، پانچ چوکے، 24 رن) اچھی تال میں نظر آرہی تھیں وہ اگلے اوور میں بھی پویلین لوٹ گئیں۔ دونوں اوپنروں کے وکٹ گرنے کے بعد گجرات کی اننگز سست پڑ گئی۔ اینابیل سدرلینڈ اور سشما ورما بھی کوئی بڑا تعاون کرنے میں ناکام رہے لیکن ہارلین نے پچ پر اپنے پاؤں جمائے رکھے۔ 11ویں اوور میں ایشلے گارڈنر نے ان کا ساتھ دیا اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 29 گیندوں پر 44 رن کی شراکت قائم کی۔ گارڈنر نے 19 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رن بنائے جبکہ دیپتی نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلائی۔ گارڈنر کے وکٹ گرنے کے بعد ہرلین نے اپنے ہاتھ کھولے اور 17ویں اوور میں دیویکا ویدیا کو چار چوکے لگائے۔ اس سے پہلے کہ ہرلین گجرات کو مضبوط اسکور تک پہنچاتیں، انجلی سروانی نے انہیں نصف سنچری سے چار رن پہلے پویلین لوٹا دیا۔
یو این آئی