بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں شاندار بلے بازی کرنے والے کپتان جو روٹ کو انگلینڈ کی ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ نہیں ملی جب کہ ایون مورگن کو دوبارہ ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔
دریں اثنا تیز گیند باز ٹائمل ملس نے طویل عرصے کے بعد وائٹ بال ٹیم میں واپسی کی ہے۔ انہیں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔
ٹائمل ملس نے آخری بار 2018 میں لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنل جبکہ انگلینڈ کے لیے انہوں نے آخری بار فروری 2017 میں بنگلور میں بھارت کے خلاف ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔
انگلینڈ مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ نے کہا کہ 'اس سیزن کے ٹی 20 بلاسٹ اور 'دی ہنڈریڈ' میں ملس کی کارکردگی نے ٹیم میں ان کی جگہ کو مضبوط کیا ہے۔ ٹائمل ملس سلیکشن کے مستحق ہیں اور گزشتہ کچھ برسوں میں انہوں نے اچھی کارکردگی کی ہے۔
ملس کی موجودگی انگلینڈ کو جوفرا آرچر کے نقصان کو پورا کرنے میں مدد کرے گی جو کہنی کی چوٹ کے باعث رواں برس ہر طرح کی کرکٹ سے باہر ہیں۔
- ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ اسکواڈ:
ایون مورگن(کپتان)، معین علی، جانی بیرسٹو(وکٹ کیپر)، سیم بلنگس، جوس بٹلر(وکٹ کیپر)، سیم کرین، کرس جارڈن، لیام لِنگوِسٹون، ڈیوڈ ملان، ٹائمل مِلس، عادل راشد، جیسن رائے، ڈیوڈ وِلی، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔