جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے عظیم تیز گیند باز ڈیل اسٹین نے کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ طویل عرصے سے کرکٹ میدان سے دور 38 سالہ کرکٹر ڈیل اسٹین نے جنوبی افریقہ کے لیے 93 ٹیسٹ کھیلے جس میں انہوں نے 439 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جنوبی افریقی تیز گیند باز نے 125 یک روزہ اور 47 ٹی 20 میچوں میں پروٹیز ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔
ڈیل اسٹین نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ اسٹین نے ٹویٹر پر اپنی تصویر بھی ڈالی جس کے ساتھ میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ 'آج میں باقاعدہ طور پر یہ اعلان کرتا ہوں میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں۔ مجھے سب سے زیادہ کرکٹ سے محبت ہے۔'
واضح رہے کہ ڈیل اسٹین نے جنوبی افریقہ کی جانب سے آخری مرتبہ سنہ 2019 میں ٹیسٹ جب کہ فروری 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف آخری بار انٹرنیشنل ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اگست 2019 میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہا تھا۔
ڈیل اسٹین نے اپنے 18 سالہ کیریئر کے دوران 93 ٹیسٹ، 125 یک روزہ اور 47 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 439، 196 اور 64 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔