دبئی: زمبابوے دورے میں اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت مین آف دی سیریز کا خطاب جیت کر شائقین کا دل جیتنے والے نوجوان شبھمن گل کو ان کی عمدہ کارکردگی کا انعام ملا اور انہوں نے بدھ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 45 درجے کی چھلانگ لگا ئی ہے۔ICC ODI Rankings
شبھمن گل نے ہرارے میں کھیلے گئے آخری ون ڈے میچ میں اس فارمیٹ میں اپنی پہلی سنچری (97 گیندوں پر 130 رنز) بنائی تھی اور ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد سے اب تک ان کی کارکردگی میں کافی حد تک بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ اس دوران سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی 744 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر برقرار ہیں۔ انہیں دورہ زمبابوے کے دوران آرام دیا گیا تھا۔
کپتان روہت شرما بھی چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔ انہیں بھی زمبابوے دورے کے دوران آرام دیا گیا تھا۔ تجربہ کار اوپنر شکھر دھون زمبابوے کے خلاف تین میچوں میں 154 رنز بنانے کے باوجود ایک مقام کھسک کر 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے پہلے اور تیسرے ون ڈے میں نصف سنچریاں بنائیں۔ لیکن بڑی چھلانگ شبھمن گل نے لگائی ہے جو 45 درجے چڑھ کر 38 ویں نمبر کے بلے باز بن گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 3 پوزیشنز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے رسی ون ڈرڈوسن دوسرے اور کوئنٹن ڈی کوک تیسرے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹی-20 میں بلے بازوں کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ ٹیم انڈیا کے سوریا کمار یادیو دوسرے اور پاکستان کے محمد رضوان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کی گیندبازی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی تبریز شمسی دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ فارمیٹ میں انگلینڈ کے بلے باز جوروٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین دوسرے اور پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر آ گئے۔ٹیسٹ گیندبازوں میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون دوسرے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا 2 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے۔
پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر جبکہ جسپریت بمرا رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کے آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا پہلا نمبر برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق روایتی حریف بھارت اورپاکستان نے فہرست میں ایک درجے ترقی حاصل کر لی ہے۔حالیہ رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے بعد بھارت تیسری پوزیشن پر جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔
رینکنگ میں بہتری نے دونوں ٹیموں کو اہم پوائنٹس حاصل کرنے میں مدد دی ہے جو بھارت نے زمبابوے کے خلاف سیریز جیت کر جبکہ پاکستان نے نیدرلینڈز کو 0-3 سے وائٹ واش کرنے کے بعد حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کے بعد بھارت کے پاس111 ریٹنگ پوائنٹس جبکہ پاکستان کے پاس 107 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ دونوں ٹیمز نے اپنی اپنی سیریز کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب 28 اگست (اتوار) کو ایشیاء کپ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: T20 World Cup ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کے ایل راہل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
یو این آئی