ممبئی: بھارتی مڈل آرڈر بلے باز شریاس ائیر کمر کی سرجری کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن اور جون میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل سے باہر ہو گئے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کی منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ائیر اس سرجری کے لیے بیرون ملک جائیں گے اور تقریباً تین ماہ تک کرکٹ کی پچ سے دور رہیں گے۔ واضح رہے کہ کمر میں درد کی وجہ سے ائیر آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ ائیر نے ڈاکٹر سے مشورے کے بعد سرجری کروانے کے بجائے بحالی کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ آئی پی ایل اور ڈبلیو ٹی سی فائنل کا آخری حصہ کھیل سکیں۔ تاہم اب ڈاکٹروں نے انہیں سرجری کا مشورہ دیا ہے۔
ائیر دسمبر میں بنگلہ دیش کے دورے کے دوران بھی اس پریشانی سے نبردآزما تھے۔ رپورٹس کے مطابق ائیر کو دونوں موقعوں پر کمر کے نچلے حصے میں سوجن کا سامنا کرنا پڑا، جو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں ابھری ہوئی ڈسک کی وجہ سے ہوا تھا۔ ائیر کی غیر موجودگی میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نتیش رانا کو آئی پی ایل 2023 کے لیے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی قیادت سونپی گئی ہے۔ انگلینڈ کے اوول گراؤنڈ میں 7 جون سے ہونے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں بھارت کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ ائیر سے پہلے سرکردہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت بھی ٹائٹل مقابلے سے باہر ہو چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی