ممبئی: کرکٹ کے آئیکون اور ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے ہوم گراؤنڈ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی۔ پرمود کالے کے بنائے ہوئے مجسمے کی نقاب کشائی خود سچن تنڈولکر کی موجودگی میں ایک تقریب کے دوران کی گئی۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، این سی پی کے سپریمو شرد پوار، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا، بی جے پی ایم ایل اے آشیش شیلر، اور مہاراشٹر کے وزیر کھیل سنجے بنسودے سمیت دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بھارت رتن سچن تنڈولکر کے 14 فٹ اونچے مجسمے کو وانکھیڑے اسٹیڈیم کے اندر سچن تنڈولکر اسٹینڈ کے قریب رکھا گیا ہے۔ وانکھیڑے ہمیشہ سے ہی کرکٹ کے آئیکون سچن کے لیے ایک خاص مقام رہا ہے، جس نے یہاں 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی اور اس کے ساتھ بہت سی دوسری یادیں وابستہ ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا 33 واں میچ 2 نومبر کو سری لنکا کے خلاف ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے جا رہی ہے۔ سچن کے اس مجسمے کا افتتاح اس میچ سے پہلے کیا گیا ہے۔
یہ مجسمہ مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع میں رہنے والے پینٹر اور مجسمہ ساز پرمود کامبلے نے بڑی محنت سے بنایا ہے۔ سچن کا یہ مجسمہ کافی شاندار ہے۔ اس تقریب میں سچن کے اہل خانہ بھی ان کے ساتھ نظر آئے۔ ٹنڈولکر اپنی اہلیہ انجلی اور بیٹی سارہ کے ساتھ اس پروگرام میں پہنچے تھے۔ سچن کے اس مجسمے کی ویڈیو اور تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اس موقع پر تنڈولکر نے کہا کہ میں اس وقت بہت خوش ہوا تھا جب ایم سی اے کے عہدیداروں نے مجھے فون کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرا مجسمہ بنانا چاہتے ہیں۔ تنڈولکر نے مزید کہا کہ جب میں اس گراؤنڈ پر جاتا ہوں تو بہت سی یادیں میرے ذہن میں آجاتی ہیں۔ یہ ایم سی اے کی طرف سے میرے لیے بہترین خراج تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ مجھے 1987 کے ورلڈ کپ کے لیے بال بوائے کے طور پر منتخب کیا گیا اور سنیل گواسکر نے مجھے ڈریسنگ روم میں مدعو کیا جہاں میں دوسرے کھلاڑیوں سے ملا۔ میں اس وقت 14 سال کا تھا، یہ میرے لیے ایک بہت بڑی چیز تھی پھر اگلے سال میں نے ممبئی کے لیے کھیلا۔ سچن تنڈولکر نے کہا کہ ممبئی کے لیے کھیلنا ایک بہت بڑا اعزاز تھا اور بھارت کے لیے کھیلنا بھی اتنا ہی اہم تھا۔انہوں نے وانکھیڑے میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آخری دن کو بھی یاد کیا۔ سب سے خوشی کا دن 2011 کا تھا جب ہم نے یہاں پر ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی۔
سچن نے بھارت کے لیے 200 ٹیسٹ میچوں میں 51 سنچری اور 68 نصف سنچری کی مدد سے 15921 رنز بنائے ہیں۔ جب کہ ان کے نام 463 ون ڈے میچوں میں 49 سنچری اور 96 نصف سنچری کی مدد سے 18426 رنز ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 رنز بنائے ہیں۔