نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ایلن ڈھاکہ پہنچنے کے 48 گھنٹے بعد کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ انگلینڈ سے روانہ ہونے سے قبل تمام ٹیسٹ میں وہ نیگیٹیو پائے گئے تھے، جہاں وہ ’دی ہنڈریڈ‘ میں برمنگھم فینِکس کی نمائندگی کر رہے تھے۔ کورونا ویکسین کے دونوں ڈوز لگوانے کے باوجود وہ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ نے ایک بیان میں کہا ’’ایلن ابھی کوارنٹائن میں ہیں۔ ان کا علاج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیف میڈیل افسر کر رہے ہیں۔ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ایم او کے رابطے میں ہیں اور نیوزی لینڈ ٹیم کے ڈاکٹر پَیٹ مَیکہگ کی جانب سے کوارنٹائن کی مدت کے دوران ان کی نگرانی کی جائے گی‘‘۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے مینیجر مائک سَینڈل نے کہا ’’ایلن کے لیے یہ سچ میں بدقسمتی ہے۔ وہ اس وقت مطمئن ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے اور جلد از جلد انھیں کوارنٹائن سے باہر آنے کی منظوری دی جائے گی۔
بنگلہ دیش کرکٹ کےافسر اپنے کام میں بے حد پیشہ ور ہیں اور اس کے لیے ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ وہ معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ پیر کی رات کو آکلینڈ سے روانہ ہوئے ٹیم کے باقی کھلاڑی ڈھاکہ پہنچنے کے بعد اپنے اپنے کمروں میں کم از کم تین دن تک کوارنٹائن میں رہیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان اور پاکستان کے درمیان یک روزہ سیریز ملتوی
ذرائع کے مطابق ایلن کی موجودگی اور متبادل کھلاڑی کے سلسلے میں فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ فی الحال انھیں کوارنٹائن ختم ہونے کے بعد پھر سے ٹیم کے ساتھ جڑنے سے پہلے دو یا تین دن تک نیگیٹیو آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو ڈھاکہ میں میزبان ٹیم کے ساتھ پانچ ٹی-20 میچ کھیلنے ہیں، جن میں سے پہلا یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔