دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ نے افغانستان فاسٹ بولر نوین الحق کو معطل کردیا۔ آئی ایل ٹی 20 لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی پر افغان فاسٹ بولر نوین الحق پر 20 ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ نوین الحق نے آئی ایل ٹی 20 لیگ میں معاہدے کے باوجود کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
نٹرنیشنل ٹی 20 لیگ کی تین رکنی تادیبی کمیٹی، جس میں لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ وائٹ، ہیڈ آف سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کرنل اعظم اور ممبر ایمریٹس کرکٹ بورڈ زید عباس شامل ہیں، نے دونوں فریقین کو الگ الگ سنا اور شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد کمیٹی نے نوین الحق پر 20 ماہ کی پابندی کا حتمی فیصلہ سنا دیا۔
واضح رہے کہ افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم شارجہ واریئرز سے معاہدہ کیا تھا۔ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دوسرا ایڈیشن اگلے برس جنوری میں کھیلا جائے گا، پابندی کے باعث افغان فاسٹ بولر 2024 اور 2025 کی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
نوین الحق نے آئی پی ایل کی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹس کے مالک کی ٹیم ڈربن سپر جائنٹس سے معاہدہ کر رکھا ہے جو جنوبی افریقن ٹی ٹوئنٹی لیگ کی ٹیم ہے اور جنوبی افریقن ٹی ٹوئنٹی لیگ یو اے ای کی لیگ کے ساتھ ہی کھیلی جائےگی۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں