وشاکھاپٹنم: آسٹریلیا کے تیز گیند باز مچل اسٹارک نے اتوار کو بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پانچ وکٹ لینے کے بعد کہا کہ وہ اچھی فارم میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اسے جاری رکھ سکیں گے۔ اسٹارک نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ لینے کے بعد کہا “میری فارم گزشتہ چند ہفتوں سے اچھی ہے۔ میں اب بہتر محسوس کر رہا ہوں، امید ہے کہ میں اس کارکردگی کو جاری رکھ سکوں گا۔‘‘ اسٹارک نے آسٹریلیا کی جیت میں آٹھ اوورز میں 53 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے، جس میں کپتان روہت شرما (13)، شبمن گل (0) اور کے ایل راہل (09) کے وکٹ شامل تھے۔ اکتوبر-نومبر میں ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسٹارک کی فارم آسٹریلیا کے لیے اچھی خبر ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی ہندوستان میں ہونے والی ہے، حالانکہ اسٹارک اس سال ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ اسٹارک نے کہا کہ میں دوسرے بالرز کے مقابلے تھوڑا زیادہ جارحانہ ہونے کی کوشش کرتا ہوں، اپنی پچ کو تھوڑا آگے رکھوں، یہ بعض اوقات تھوڑا مہنگا بھی ثابت ہو سکتا ہے لیکن میرے وکٹ لینے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میرے منصوبے کیمرون گرین جیسے شخص سے کچھ مختلف ہیں۔ میرا منصوبہ ہوتا ہے کہ میں اسٹمپ کو نشانہ بناؤں اور آؤٹ کرنے کے تمام طریقے آزماؤں‘‘۔ واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک کی برابری پر ہے۔ آخری ون ڈے چنئی میں 22 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: India vs Australia بیٹنگ میں تکنیک کی کمی شکست کی وجہ تھی، روہت شرما
یو این آئی