حیدرآباد: بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی باصلاحیت آل راؤنڈر جمیما راڈرگز کو آسٹریلیا کی بیتھ مونی اور تاہلیا میک گرا کے ساتھ ماہ اگست کے لیے آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ' ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ Jemimah Rodrigues Performance in Commonwealth Games
راڈرگز نے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ میچوں میں 146 رنز بنائے تھے اور ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر تھیں۔ ٹورنامنٹ میں جمیما کی بہترین کارکردگی بارباڈوس کے خلاف میچ میں آئی جس میں انہوں نے 46 گیندوں پر 56 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ جمیما راڈریگز نے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں 31 گیندوں پر 44 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی تھی اور ان کی قیمتی شراکت کی بدولت بھارت نے چار رنز سے میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
دوسری جانب بیتھ مونی اور میک گرا کو بھی راڈرگز کے ساتھ پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو کامن ویلتھ گیمز 2022 میں گولڈ میڈل جیتنے والی آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ تھیں۔
یو این آئی رپورٹ