ممبئی: آئی پی ایل 2023 سے قبل ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے بدھ کے روز کہا کہ زخمی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے متبادل کا اعلان آئندہ ایک یا دو دن میں کیا جائے گا۔ بمراہ اپنی کمر کی چوٹ کی وجہ سے ستمبر 2022 سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں۔ ایک دہائی میں یہ پہلا موقع ہوگا جب بمراہ آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ روہت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 'جہاں تک بمراہ کی جگہ لینے والے کھلاڑی کا تعلق ہے، ہم کچھ آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ ہم آئندہ ایک دو روز میں اس پر فیصلہ کریں گے۔
ممبئی انڈینز کے کپتان نے کہا کہ ہم بمراہ کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ ہم اسے بہت یاد کریں گے۔ ممبئی انڈینز کے لیے جسپریت بمراہ بہت اہم ہے۔ اس کی جگہ پُر کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا، لیکن بمراہ کی غیر موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ ہمارے پاس ایک یا دو کھلاڑی ہیں جو پچھلے کچھ برسوں سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔ وہ بمراہ کی جگہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ ہم کچھ نوجوان کھلاڑیوں کو لانے کی امید کرتے ہیں۔"
بمراہ اور جھائے رچرڈسن کی غیر موجودگی کی وجہ سے ممبئی کا فاسٹ اٹیک کمزور نظر آرہا ہے، لیکن روہت کو انگلینڈ کے تیز گیند باز جوفرا آرچر کی موجودگی سے راحت ملی ہے۔ آرچر کہنی اور کمر کی انجری کی وجہ سے گزشتہ سیزن سے باہر ہو گئے تھے۔ روہت نے کہاکہ “جوفرا ہمیشہ ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ گذشتہ برس بھی تھے لیکن زخمی ہو گئے تھے۔ ہم سب ان کے معیار کو جانتے ہیں، ہم اس سیزن میں بمراہ کو بہت یاد کریں گے، لیکن یہ مواقع بھی لائے گا۔ کوئی چھوٹ جائے تو کوئی اس کی جگہ لینے کو تیار ہے۔
ممبئی کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر کو امید ہے کہ ٹیم میں بمراہ کی غیر موجودگی میں آرچر اور نوجوان گیند باز چمکیں گے۔ باؤچر نے کہاکہ ’’میرے لیے ہمارا باؤلنگ اٹیک بہت دلچسپ ہے۔ حالانکہ بمراہ کو کھونا ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے، لیکن اس سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔ جوفرا حال ہی میں کھیل رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ آئی پی ایل کا آغاز مضبوطی سے کریں گے۔ نوجوان گیند بازوں میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ارجن ٹنڈولکر بھی شامل ہیں، جو ابھی تک آئی پی ایل میں نہیں کھیلے ہیں۔ روہت نے کہاکہ “ارجن نے حال ہی میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ باؤچر نے روہت کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا، ’’ارجن کچھ عرصے سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ اچھی بولنگ کر رہا ہے۔ ہم سوچ رہے ہیں کہ وہ اس سال پلیئنگ الیون میں کھیلے۔
مزید پڑھیں: