ممبئی: آئی پی ایل 2023 کے آفیشیل ٹیلی ویژن نشریاتی ادارے اسٹار اسپورٹس نے بھارت میں کھیلوں کی نشریات میں انقلاب لانے کے ارادے سے پیر کو سماعت سے محروم شائقین کے لیے 'سب ٹائٹل فیڈ' کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے سماعت سے محروم شائقین لائیو میچ کے دوران اپنی ٹی وی اسکرینوں پر کمنٹری کے سب ٹائٹلز پڑھ سکیں گے۔
اس منفرد خصوصیت کے آغاز پر بات کرتے ہوئے، اسٹار اسپورٹس کے ترجمان نے کہا “اسٹار اسپورٹس شائقین کے تجربے میں انقلاب لانے میں ہمیشہ سب سے آگے رہا ہے۔ ہمیں سب ٹائٹل فیڈ جیسی اہم ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر فخر ہے۔ اس کا مقصد آئی پی ایل 2023 کے جوش و خروش کو معذور شائقین سمیت سبھی کےلیے قابل رسائی بنانا ہے۔ اس جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ، ہم شائقین کو کھیل کے قریب لا رہے ہیں، انہیں آئی پی ایل کے ’شور‘ کا تجربہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔‘‘
اسٹار اسپورٹس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں مہندر سنگھ دھونی کے 15 برس مکمل کرنے اور اس تاریخی اقدام کے آغاز کا جشن منانے کے لیے ایک خصوصی پرومو لانچ کیا۔ اس پرومو میں دھونی کا نام مداحوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں گونج رہا ہے۔ آئی پی ایل کا آغاز 31 مارچ کو گجرات جائنٹس اور چنئی سپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگا۔ اسٹار اسپورٹس نے آئی پی ایل کے ٹی وی نشریاتی حقوق حاصل کر لیے ہیں، جب کہ جیو اس ٹورنامنٹ کو ڈیجیٹل طور پر نشر کرے گا۔
مزید پڑھیں:
یو این آئی