جے پور: رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے فاف ڈو پلیسس (44 گیند، 55 رن) اور گلین میکسویل (33 گیند، 54 رن) کی نصف سنچریوں کے بعد وین پارنیل (10/3) کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے یک طرفہ میچ میں راجستھان رائلز کو 112 رنوں سے شکست دے دی۔آر سی بی نے رائلز کے سامنے 172 رنوں کا چیلنجنگ ہدف رکھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈو پلیسس اور میکسویل کی نصف سنچریوں نے جہاں آر سی بی کی اننگ کو مضبوط کیا، وہیں انوج راوت نے آخر میں 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 29 رنز بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری رائلز نے پہلے تین وکٹ سات رنز گنوا دئے اور وہ ان دھچکوں سے نکل نہیں سکی۔ رائلز کی جانب سے شمرون ہیٹمائر نے سب سے زیادہ 19 گیندوں پر 35 رنز بنائے جبکہ ٹیم کے نو بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی نہ چھو سکے۔اس شاندار جیت کے بعد آرسی بی 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پرآگئی ہے، جبکہ رائلز اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کا انتخاب کرنے کے بعد آر سی بی نے سست شروعات کی۔ وراٹ کوہلی اور ڈو پلیسس نے پہلے وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے، حالانکہ اس کے لئے انہوں نے 42 گیندیں کھیلی۔ سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں سست پچ پر جدوجہد کرنے کے بعد، کوہلی 19 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس جھٹکے کے بعد آر سی بی کو ڈو پلیسس اور میکسویل کی نصف سنچری شراکت کا سہارا ملا۔
ڈو پلیسس نے جہاں تحمل کے ساتھ بلے بازی کی، وہیں میکسویل نے وقتاً فوقتاً خطرات مول لے کر بڑے شاٹس مارتے رہے۔ دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت ہوئی جس نے بڑی حد تک آر سی بی کی اننگ کو پٹری پر لادیا۔ڈو پلیسس نے آخر کار 15 ویں اوور میں کے ایم آصف کو چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے، حالانکہ دو گیندوں کے بعد وہ پویلین لوٹ گئے۔ اگلے ہی اوور میں ایڈم زمپا نے مہیپال لومر اور دنیش کارتک کو بھی پویلین بھیج دیا۔
میکسویل نے چھکا لگا کر 30 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، حالانکہ وہ بھی 18ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے۔ میکسویل کا وکٹ گرنے کے بعد رائلز آر سی بی کو 160 رنز پر روک سکتی تھی، لیکن راوت نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ سندیپ شرما کو چوکا لگا کر کھاتہ کھولنے والے راوت نے 11 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 29 رن بنا کر رائلز کے سامنے ایک چیلنجنگ اسکور کھڑا کیا۔ زمپا نے رائلز کے لیے چار اوور میں 25 رن دے کر دو وکٹ لیے، جبکہ سندیپ نے چار اوور میں 34 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ آصف نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں لیکن اپنے چار اوورز میں 42 رنز دیے۔ یزویندر چہل، جو گزشتہ میچ میں رائلز کی جیت کے ہیرو تھے، نے چار اوورز میں 37 رنز دیے اورانہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 رائل چیلنجرز بنگلور بمقابلہ راجستھان رائلز آج، دونوں ٹیموں کیلئے جیت ضروری
یو این آئی