انڈین پریمئر لیگ 2020 کے آخری لیگ میں چنئی سُپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ یقینی طور پر چنئی سُپر کنگز کے لیے یہ ان کا آخری میچ نہیں ہے۔
دھونی کے ان الفاظ کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ اگلے سیزن میں چنئی کے لیے کھیلتے نظر آئیں گے۔ چنئی نے دھونی کی کپتانی میں تین مرتبہ آئی پی ایل خطاب پر قبضہ کیا ہے جبکہ پانچ مرتبہ وہ رنر اپ رہی ہے لیکن اس بار یہ ٹیم لیگ میچوں سے آگے نہیں بڑھ سکی۔
آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ پہلا مرتبہ ہے جب چنئی سُپر کنگز پلے آف میں نہیں پہنچی سکی۔
واضح رہے کہ 'دھونی نے رواں برس 15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور سب کی نظریں اس سال کے آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی پر تھیں۔
چنئی سُپر کنگز ٹیم 2016 اور 2017 میں اسپاٹ فکسنگ کے لیے معاملے میں معطل ہونے کے بعد سنہ 2018 میں دھونی کی کپتانی میں واپس آئی اور تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ گزشتہ برس رنر اپ رہی۔
اس سیزن میں چنئی نے دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کو افتتاحی میچ میں شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد ان کی کارکردگی زوال پزیر ہونے لگی اور ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
چنئی کی بیٹنگ اور بالنگ میں اس مرتبہ کمی دیکھی گئی۔ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل چنئی کے دو اہم کھلاڑی سریش رائنا اور ہربھجن سنگھ ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبردار ہوگئے۔ چنئی نے بھی ان دونوں کھلاڑیوں کے لیے کوئی آپشن نہیں لیا۔
اس کے علاوہ چنئی کے آل راؤنڈر ڈوین براوو گھٹنے کی انجری کے ساتھ آئی پی ایل میں پہنچے تھے لیکن کچھ میچوں میں کھیلنے کے بعد وہ پھر سے زخمی ہوئے اور لیگ سے باہر ہوگئے۔
دوسری جانب وکٹ کے پیچھے دھونی کی کارکردگی عمدہ تھی لیکن بطور بلے باز وہ بھی ناکام رہے اس لیے ان پر تنقیدیں بھی ہوئیں۔