شیخ زید اسٹیڈیم میں اپنے آخری لیگ میچ میں چنئی سُپر کنگز نے ٹاس جیتنے کے بعد پنجاب کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جس کے بعد پنجاب ٹیم نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد دیپک ہڈا کی بہترین اننگ کی وجہ سے 154 رنز کا باعزت اسکور بنایا۔
مڈل آرڈر بلے باز دیپک ہُڈا کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے کنگز الیون پنجاب کو ابتدائی بحران سے نکالتے ہوئے ٹیم کا اسکور 153 رنز تک پہنچایا۔
پہلے بلے بازی کرنے اتری کنگز الیون پنجاب کی شروعات ٹھیک رہی۔ گزشتہ کئی میچوں سے ٹیم سے باہر رہنے والے مینک اگروال کی اس میچ میں واپسی ہوئی۔ انہوں کے ایل راہل کے ساتھ مل کر اننگ کی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 48 رنز کی پارٹنرشپ کی۔
مینک اگروال 15 گیندوں میں 26 رنز بنا کر لنگی اینگڈی کا شکار بنے جبکہ کے ایل راہل بھی 29 رنز بنا کر 62 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد سب کی نگاہیں کرس گیل پر تھیں جنہوں نے گزشتہ میچ میں 99 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی لیکن اس میچ میں گیل کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکے اور 12 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جبکہ مندیپ سنگھ بھی 14 رزن ہی بنا سکے۔
مڈل آرڈر میں گیل کے بعد نکولس پورن سے بھی امیدیں وابستہ تھیں لیکن انہوں نے بھی مایوس کیا اور محض 2 رنز ہی بنا سکے۔ 108 رنز پر نصف ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد پنجاب ٹیم بحران میں آگئی تھی لیکن دیپک ہُڈا نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 30 گیندوں میں 62 رنز بنا کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔
چنئی سُپر کنگز کی جانب سے لنگی اینگڈی سب سے کامیاب گیند باز رہے اور 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاردل ٹھاکر، عمران طاہر اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔