گزشتہ روز راجستھان رائلز نے بین اسٹوکس کی شاندار سنچری کی بدولت ممبئی انڈینز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف میں داخلے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔
راجستھان کی اس فتح کے ہیرو بین اسٹوکس رہے۔ انہوں نے 60 گیندوں میں 107 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی اسٹوکس ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دو مرتبہ سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
اس میچ میں ممبئی انڈینز نے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جس کو راجستھان نے 18.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنا کر میچ کو جیت لیا۔ بین اسٹوکس نے سنجو سیمسن کے ساتھ 152 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ کی۔ سیمسن نے 31 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔
اس سے قبل 2017 میں اسٹوکس نے رائزنگ پونے سُپر جائنٹس کے 162 رنز کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 103 رنز بنائے تھے۔
آئی پی ایل 2017 سیزن اسٹوکس کا پہلا سیزن تھا۔ انہیں رائزنگ پونے نے 14.5 کروڑ میں خریدا تھا۔ انہوں نے اس سیزن میں 12 میچوں میں 312 رنز بنائے اور 12 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ اسٹوکس نے ممبئی کے خلاف 3 چھکوں کی مدد سے رواں سیزن میں سکس کا کھاتہ کھولا۔ انہوں نے اس سیزن میں سکس لگانے سے پہلے 7 میچوں میں 123 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔ اب تک کھیلے گئے 6 میچوں میں 218 رنز بنا چکے ہیں۔
اسٹوکس نے کہا کہ جب آپ ممبئی انڈینز جیسی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیتے ہیں تو یہ فتح آپ میں اعتماد پیدا کرتی ہے۔ اگر میں پہلے دو میچ دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ہم نے حقیقت میں دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔ میچ جیت کر خوشی ہوئی۔ لیکن ہمیشہ زیادہ کی خواہش رہتی ہے۔اگر میں دو یا تین میچ پہلے ہی فارم حاصل کرسکتا تو شاید ہماری ٹیم کو پلے آف تک پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کی کارکردگی پر نظر ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔