ممبئی:ہندوستانی خواتین ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔ جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورمیزبان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے۔
دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد، ہرمن پریت، راجیشوری، جمائمہ، رینوکا اور کوچ مجمدار نے ہندوستانی ویمن بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ان کی تعریف کی۔ جو اس وقت نیپال کے خلاف دو طرفہ بلائنڈ کرکٹ سیریز 2023 میں مصروف ہے۔
بلائنڈ کرکٹ ٹیم نیپال کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں فاتح رہی اور ایک میچ باقی رہتے اس سیریز میں 3-1 سے آگے چل رہی ہے۔ہرمن پریت بلائنڈ ویمنز کرکٹ کی برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں، راجیشوری اور جمائمہ نے نیپال پر جیت اور آئی بی ایس اے ورلڈ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دی۔
یہ ملاقات بصارت سے محروم کرکٹرز کے لیے تحریک کا باعث تھی، جو اپنے رول ماڈلز کے ساتھ بات چیت کر کے بہت پرجوش تھے۔ سی اے بی آئی کے صدر مہنتیش جی کیوداسنور نے بلائنڈ کرکٹرزکے لیے ایک 'خوشی کا لمحہ' قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 106 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کی
مہنتیش نے کہاکہ ہماری لڑکیوں کو ہندوستانی خواتین ٹیم کے لیے چیئر کرنے کا موقع ملا۔ جب ہندوستانی ٹیم نے اپنا 400 واں رن بنایا توہم وہاں بیٹھی لڑکیاں اپنی ٹیم کے لئے چیئر کررہے تھے۔ یہ نابینا خواتین کی کرکٹ ٹیم کے لیے خوشی کا لمحہ تھا۔ ہرمن پریت سے مل کر بہت اچھا لگا۔
یواین آئی