ممبئی: دنیا کے مشہور اسپورٹس ویئر برانڈ ایڈی ڈاس کی جانب سے طویل انتظار کے بعد ٹیم انڈیا کی نئی جرسی لانچ کی گئی ہے۔ کمپنی نے سوشل میڈیا کی مدد لے کر اس کی اطلاع دی۔ ایڈی ڈاس نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کے لیے ٹیم انڈیا کی تین مختلف جرسیوں کو لانچ کیا ہے۔ جمعرات کو کمپنی نے تینوں بڑی جرسیوں کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ڈرون کی مدد سے ہوا میں اڑاتے ہوئے دکھایا۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے حال ہی میں ایڈی ڈاس کے ساتھ سال 2028 تک کا معاہدہ کیا ہے۔ ایڈی ڈاس نے تینوں فارمیٹس ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ کے لیے ٹیم انڈیا کی 3 مختلف جرسیوں کو لانچ کیا ہے۔ تینوں جرسیوں کے کندھوں پر تین ایڈی ڈاس کی پٹیاں بنیں ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: World Test Championship Final بھارت کے لیے جیت کا راستہ آسان نہیں
ٹی ٹوئنٹی کے لیے لانچ کی گئی جرسی بغیر کالر کی ہے اور گہرے نیلے رنگ کی ہے۔ ون ڈے کے لیے ہلکے نیلے رنگ کی جرسی لانچ کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ٹیسٹ کے لیے سفید رنگ کی جرسی بھی لانچ کر دی گئی ہے۔ ایڈی ڈاس نے کچھ دن پہلے ٹیم انڈیا کی نئی ٹریننگ کٹ بھی لانچ کی تھی، جسے پہن کر ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے قبل انگلینڈ میں پریکٹس میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کو انگلینڈ کے اوول میں 7 سے 11 جون تک آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنا ہے۔ جس کے لیے ٹیم انڈیا کے کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا مسلسل دوسری بار ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پہنچی ہے۔