بنگلورو: بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اجے کمار ریڈی (81 رن، 3 وکٹ) اور سنیل رمیش (110 رن، 1 وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بھارت نے نابینا ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 207 رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ بھارت نے جنوبی افریقہ کے سامنے 20 اوورز میں 338 رن کا ہدف رکھا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 130 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ دو بار کی چیمپئن بھارتی بلائنڈ ٹیم تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش سے ٹکرائے گی، جو سیمی فائنل میں سری لنکا کو شکست دیکر آرہی ہے۔ India beat South Africa in Blind T20 World Cup
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بلے بازی کی دعوت دی اور دونوں اوپنرز کو 50 رن پر آؤٹ کردیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے آتے ہوئے، سوجیت منڈا (14) چھٹے اوور میں پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد سنیل-اجے کی جوڑی نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 144 رن کی زبردست شراکت ہوئی۔ سنیل رمیش نے ٹورنامنٹ کی اپنی دوسری سنچری اسکور کی، انہوں نے 47 گیندوں میں 17 چوکوں کی مدد سے 110 رن بنائے جبکہ اجے نے 29 گیندوں میں 81 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ نائب کپتان وینکٹیشور راؤ (18 ناٹ آؤٹ) اور پرکاش جےرمیا (18 ناٹ آؤٹ) نے آخر میں 20 اوور میں ہندوستان کو 337/6 تک پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Blind T20 World Cup:ہندوستان نے نیپال کو 274 رنوں سے روندا
ایک بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، جنوبی افریقہ کبھی بھی مطلوبہ رن ریٹ حاصل نہیں کرسکا اور 10 اوور میں 67/8 پر ڈھیر ہوگیا۔ بھولے بھڈلا اور لوانڈے بھڈلا نے جنوبی افریقہ کی جانب سے نویں وکٹ کے لیے 53 رن جوڑے، لیکن تب تک میچ ہاتھ سے نکل چکا تھا۔ لوانڈے نے 23 جبکہ بھولے نے 33 رن کا تعاون دیا اور جنوبی افریقہ 19.5 اوور میں 130 رن پر ڈھیر ہو گیا۔ بھارت کی جانب سے کپتان اجے نے چار اوور میں 13 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے جب کہ سنیل رمیش، پروین کمار، سوجیت منڈا اور لوکیش نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فائنل میچ ہفتہ کو یہاں چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یو این آئی