لکھنؤ: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے لکھنؤ کے ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف شاندار اننگز کھیلی، لیکن وہ سنچری نہیں بنا سکے۔ روہت نے مشکل وقت میں ٹیم انڈیا کی لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالا اور ایک طرف سے وکٹ گرنے سے روکے رکھا لیکن وہ وہ ورلڈ کپ 2023 میں اپنی دوسری سنچری بنانے سے صرف 13 رنز سے محروم رہے۔
روہت نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 54ویں نصف سنچری 66 گیندوں میں مکمل کی اور وہ 86.14 کے اسٹرائیک ریٹ سے 101 گیندوں میں 10 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کے شکار ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ روہت شرما کا بطور کپتان 100 واں میچ تھا۔ اگر روہت شرما یہ سنچری اسکور کرتے تو ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ان کی 8ویں اور ون ڈے کیریئر کی 32ویں سنچری ہوتی۔ اس کے علاوہ اس میچ میں روہت نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 18000 رنز مکمل کر لیے اور وہ 18000 رنز بنانے والے دنیا کے 15ویں اور بھارت کے 5ویں بلے باز بن گئے ہیں۔
ناگپور میں پیدا ہونے والے روہت شرما نے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کے بعد ہندوستانی ٹیم کی کمان سنبھالی اور اس کے بعد سے وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 99 مواقع پر بھارت کی قیادت کرچکے ہیں جن میں سے بھارت نے 73 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ روہت کی 39 ون ڈے میچز میں جیت کی شرح 76.31 فیصد ہے، 51 ٹی ٹوئنٹی میں جیت شرح 76.47 فیصد جبکہ 9 ٹیسٹ میچز میں 71.42 فیصد جیت کی شرح ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- اٹھارہ ہزار رنز بنانے والے روہت شرما بھارت کے پانچویں کھلاڑی
- بھارت کے ہر میچ میں نیا کھلاڑی جیت کا ہیرو بنتا ہے
روہت کی کپتانی میں بھارت جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ابھی تک ناقابل شکست ہے اور اس نے اب تک اپنے تمام پانچ میچ جیتے ہیں۔ روہت شرما انڈین پریمیئر لیگ میں سب سے کامیاب کپتان رہے ہیں جنہوں نے ممبئی انڈینز کے لیے پانچ ٹائٹل جیتے ہیں۔ روہت 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اور 2013 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ سب سے بڑا سوال یہ کہ کیا روہت شرما ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والے بھارتی کپتانوں، کپل دیو (1983) اور مہندر سنگھ دھونی (2011) کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔