نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے ہفتہ کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں بھارت کے اسٹار بلے باز اور کپتان روہت شرما نے شاندار اننگز کھیلی جب کہ گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار جو ورلڈ کپ 2023 کی لائیو اسٹریمنگ کر رہا ہے، اس نے پاک بھارت میچ کو دیکھنے والوں کی تعداد کو بیان کیا جس نے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کے تمام پرانے ریکارڈ توڑ کر ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے مطابق 3 کروڑ 5 لاکھ لوگوں پاک بھارت میچ کی لائیو اسٹریمنگ سے منسلک ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس ایپ کو 3.5 کروڑ ناظرین ملے ہیں۔ پاک بھارت میچ میں جب روہت شرما اور ویرات کوہلی بیٹنگ کر رہے تھے تو دیکھنے والوں کی تعداد 3.3 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اس سال کے شروع میں آئی پی ایل کے فائنل میچ جو چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا گیا تھا، کو 3.2 کروڑ تماشائیوں نے دیکھا تھا جو کہ ایک ریکارڈ تھا۔ اس اعداد و شمار کو پیچھے چھوڑ کر ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار نے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
ورلڈ کپ 2023 کو ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار کے پاس میچ کے خصوصی نشریاتی اور میڈیا حقوق ہیں۔ پاک بھارت میچ میں اس کامیابی کے بعد ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار انڈیا کے سربراہ ایس شیوا نندن نے کہا کہ ہم ان ناظرین کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جو بھارت پاکستان میچ دیکھنے کے لیے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: