جنوبی افریقی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہاشم آملہ نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ 18 جنوری کو انہوں نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ تین برس قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے ہاشم آملہ نے اب کاؤنٹی کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے۔ ہاشم آملہ نے ورلڈ کپ سنہ 2019 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ہاشم آملہ کے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو حیران کردیا ہے۔ سال 2019 کے بعد وہ کاؤنٹی کرکٹ میں حصہ لے رہے تھے۔ کاؤنٹی کرکٹ میں بھی ان کے بلے سے کئی بڑی اننگز نکلیں۔ لیکن اب انہوں نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
کئی میچ وننگ اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کو فتح دلانے والے ہاشم آملہ کا بھارت سے بھی رشتہ رہا ہے۔ ہاشم آملہ 31 مارچ سنہ 1983 کو ڈربن میں پیدا ہوئے۔ لیکن املہ کے دادا گجراتی تھے۔ وہ کاروبار کے سلسلے میں جنوبی افریقہ گئے اور کبھی بھارت واپس نہیں آئے۔ کاروبار قائم کرنے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی خاندان کے ساتھ وہیں گزاری۔ بہرکیف ہاشم آملہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بھی بنا چکے ہیں۔ آملہ، جنہوں نے سنہ 2012 میں اوول میں انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 311 رنز بنائے تھے، ان کا ایک شاندار ریکارڈ ہے۔
ہاشم آملہ ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 124 ٹیسٹ میچوں کی 215 اننگز میں 9,282 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران وہ 28 سنچریاں اور 4 ڈبل سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ ٹیسٹ کے علاوہ وہ اپنے کیریئر میں 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیل چکے ہیں۔ ون ڈے میں انہوں نے 27 سنچریوں سمیت 8113 رنز بنائے، جب کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فارمیٹ میں انہوں نے 8 نصف سنچریوں کی مدد سے 1277 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ آملہ نے 265 فرسٹ کلاس میچوں کی 439 اننگز میں 48.55 کی اوسط سے 19,521 رنز بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے 57 سنچریاں اور 93 نصف سنچریاں اسکور کرکے نکلی ہیں۔
مزید پڑھیں: