نئی دہلی: ہندوستان کے عظیم سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی جمعہ کو ان کی 42 ویں سالگرہ پر کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح دھونی کی لمبی عمر اور اچھی صحت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ سابق ماسٹربلاسٹر سچن تیندولکر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ، "آپ ہمیشہ اپنے ہیلی کاپٹر شاٹس کی طرح اونچی اڑان بھریں ۔ سالگرہ مبارک ہو، ایم ایس (دھونی)۔"
سہواگ نے لکھا، ''سوریا دیو کے دیویہ رتھ کو کھینچنے کے لیے سات گھوڑے ہیں۔ رگ وید میں دنیا کے سات حصے ہیں، سات موسم ہیں ، موسیقی میں سات بنیادی دھنیں، شادی میں سات پھیرے ہوتے ہیں اور دنیا میں سات عجائبات ہیں۔ سال کے 7ویں مہینے کا 7واں دن ایک شاندار انسان مہندر سنگھ دھونی کا یوم پیدائش ہے۔ یوراج سنگھ نے ایم ایس دھونی کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے میدان سے کچھ خاص لمحات کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے ٹوئٹ کیا، ’’سالگرہ مبارک ہو 'باہوبلی'۔ آپ تحریک دیتے رہیں… آپ کا دن اچھا گزرے۔‘‘ لندن اولمپکس کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان یوگیشور دت نے لکھا، "ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم شخص مہندر سنگھ دھونی کو سالگرہ مبارک ہو"۔ رویندرا جڈیجا نے لکھا، "میرے 'گو ٹو مین' 2009 سے آج تک اور ہمیشہ کے لیے۔ ماہی بھائی آپ کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ جڈیجہ دھونی کے ساتھ چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلتے ہیں۔
ہندوستانی خواتین ٹیم کی سابق فاسٹ باؤلر جھولن گوسوامی نے کہا، "سالگرہ مبارک 'کیپٹن کول'۔ جس طرح سے آپ میدان میں اور باہر سب کو متاثر کرتے ہیں وہ واقعی قابل تعریف ہے۔ آپ کی شخصیت ہم سب کو متاثر کرتی رہے گی۔" چیتیشور پجارا نے لکھا، "سالگرہ مبارک ایم ایس دھونی۔ آپ کے لیے بہت ساری محبتیں اور نیک خواہشات۔‘‘
رانچی میں پیدا ہونے والے دھونی نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2005 میں سری لنکا کے خلاف کیا تھا۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں اپنا آخری میچ دسمبر 2014 میں کھیلا تھا۔ دھونی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ، 2011 میں گھر پر ون ڈے ورلڈ کپ اور 2013 کی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ دھونی واحد کپتان ہیں جنہوں نے اپنے دور میں کھیلی گئی ہر آئی سی سی ٹرافی میں ملک کو ٹائٹل جتوایا۔ حال ہی میں ان کی کپتانی میں چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل کا پانچواں خطاب جیتا تھا۔
یواین آئی