ممبئی: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے۔ کھلاڑیوں کے اس شاندار مظاہرے کی وجہ سے ہر کوئی بھارتی ٹیم کو ٹائٹل کا مضبوط دعویدار کہہ رہا ہے۔ یہاں تک کہ بھارت کے سابق تیز گیند باز کرسن گھاوری نے پیشن گوئی کر دی ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن ٹرافی بھارت ہی اٹھائے گا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کرسن گھاوڑی اپنے اسی یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما کی قیادت اور راہل ڈراوڈ کی کوچنگ والی ٹیم انڈیا سیمی فائنل کے ساتھ ساتھ فائنل کو بھی جیتے گی۔ 1975 اور 1979 کے ورلڈ کپ میں اپنی تیز گیند بازی سے حریف ٹیم کو دہشت زدہ کرنے والے کرسن گھاوری نے کہا کہ جس طرح سے بھارت نے ورلڈ کپ میں لگاتار نو میچ جیتے ہیں اس سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ اس کے علاوہ چونکہ یہ ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جارہا ہے اس لیے گھریلو حالات کا فائدہ بھی بھارتی ٹیم کو مل رہا ہے۔ اس لیے یہ ٹیم ٹرافی ضرور جیتے گی۔
پہلا سیمی فائنل اس وقت بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے اور دوسرے سیمی فائنل میں پانچ بار کی چیمپئن آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ گھریلو سرکٹ میں ممبئی اور سوراشٹرا کے لیے کھیلنے والے کرسن نے کہا کہ بھارت سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرائے گا اور آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے خلاف جیتے گا۔ جس کے بعد ورلڈ کپ کا فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس میچ میں بھارتی ٹیم فاتح بن کر ابھرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:
- اگر کوئی کھلاڑی پریشر محسوس نہیں کرتا تو وہ کھیل کے تئیں سنجیدہ نہیں: سابق کرکٹر سریندر کھنہ
- موجودہ بھارتی ٹیم 1970 کی طاقتور ویسٹ انڈیز ٹیم سے بھی بہتر: سابق کرکٹر سنیل والسن
فرسٹ کلاس 452 وکٹیں لینے والے گھاوری نے کہا کہ بھارت کی گیند بازی بھی مضبوط ہے۔نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو بھارت کے تین تیز گیند بازوں (جسپریت بمراہ، محمد سراج اور محمد شامی) اور دو اسپنرز (کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ) بہت اچھی طرح روک سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اس ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی فیلڈنگ میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔ گھاوری نے مزید کہا کہ کپتان روہت شرما کے لیے یہ آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے۔ اس لیے تمام کرکٹ شائقین چاہتے ہیں کہ بھارت یہ ورلڈ کپ جیتے۔